تمباکو کے خطرات سے نسلوں کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری :صدر

تمباکو کے خطرات سے نسلوں  کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری :صدر

اسلام آباد(این این آئی)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تمباکو کی مصنوعات صحت اور معیشت کے لئے سنگین خطرات کا باعث ہیں، موجودہ اور آنے والی نسلوں کو تمباکو کی مصنوعات کے نقصانات سے بچانا اجتماعی ذمہ داری ہے۔۔۔

نوجوانوں کو نشے کی لت لگانے والوں اور موت کے سوداگروں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کیلئے قانون سازی اور موثر نفاذ ضروری ہے ۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق عالمی یومِ انسدادِ تمباکو نوشی کے موقع پر جاری پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دنیا بھر میں یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں نے سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر تمباکو کے استعمال کو کم کرنے کے لیے قوانین اور آگاہی کے ذریعے متعدد اقدامات کئے اس کے باوجود، یہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عوامی صحت اور معاشی فلاح و بہبود کے لیے ایک سنگین خطرہ بنا ہوا ہے ۔

عالمی ادارہ صحت کے تخمینے کے مطابق تمباکو دنیا بھر میں ہر سال 70 لاکھ سے زائد اموات کا سبب بنتا ہے ، جس میں سیکنڈ ہینڈ سموک کا شکار ہونے والے تقریباً 16 لاکھ افراد کی اموات بھی شامل ہیں ،کم عمری میں نکوٹین کا استعمال عمر بھر کی وابستگی اور صحت کے منفی نتائج کے خطرے کو بڑھا دیتا ہے ،ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے مجھے آپ کو یہ بتانا ہے کہ یہ دن ہمیں تمباکو کی مصنوعات کے نقصانات سے موجودہ اور آنے والی نسلوں کو بچانے کی ہماری مشترکہ ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے ،اب وقت آ گیا ہے کہ دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ، ہماری قومی پارلیمان اور صوبائی اسمبلیاں ایسے قوانین بنائیں اور نفاذ کے مؤثر میکانزم تشکیل دیں تاکہ ہمارے لوگوں اور مستقبل کی نسلوں کا تحفظ کیا جا سکے اور موت کے سوداگروں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں