اسحاق ڈار کا دورہ امریکا، بحرین کیوبا،ترکمانستان و دیگر ممالک کے وزرا خارجہ سے بھی ملاقاتیں
نیویارک(اے پی پی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے 26 تا 28 مئی اقوامِ متحدہ کے دورے کے دوران مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ جامع اور وسیع سطح کی ملاقاتیں اور تبادلہ خیال کیا۔
ہفتہ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اس دوران نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ نے چین،بحرین،کیوبا،ترکمانستان،جمہوریہ چیک، پرتگال ،کولمبیا،انڈونیشیا،آذربائیجان،پاناما،کمبوڈیا اوریوراگوئے کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور نیویارک میں دیگر اہم ملاقاتوں میں شرکت کے بعد واشنگٹن میں امریکا کے وزیرِخارجہ مارکو روبیو سے بھی انتہائی اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔