ایوان بالا میں بجٹ بحث ،خاموش احتجاج، وزرا غائب
اپوزیشن نے پلے کارڈز کیساتھ احتجاج ریکارڈ کرایا، ناصر بٹ کا اعتراض
اسلام آباد (سید قیصرشاہ) ایوان بالا میں نئے مالی سال کے بجٹ پر بحث کے آغاز پر وزرا کی عدم موجودگی پر اراکین نے اعتراض اٹھا دیا۔ دونوں اطراف کے اراکین کی حاضری بھی معمول سے کم رہی۔ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے کوئی شور شرابہ، نعرہ بازی یا احتجاج تو نہ ہوا تاہم ‘‘کچھ بھی نہ کہا اور کہہ بھی گئے ’’ کے مصداق خاموش رہ کر پلے کارڈز لگا کر احتجاج ریکارڈ کرادیا گیا۔پی ٹی آئی نے بجٹ کو غریب مکاؤ بجٹ قرار دیتے ہوئے اپنے اراکین کی نشستوں کے سامنے پلے کارڈز اور بانی پی ٹی آئی کی تصاویر رکھنے کا سلسلہ شروع کیا۔
اس پر حکومتی رکن نے اعتراض کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سے انہیں ہٹوانے کا مطالبہ کیا جبکہ پی پی پی کے سینیٹر نے بجٹ کو عوام دوست کہنے کے بجائے موجودہ حالات کے تحت متوازن بجٹ قرار دینے پر اکتفا کیا۔ ناصر بٹ نے اپنی نشست پر کھڑے ہوکر اعتراض کیا کہ تصاویر کوہٹایا جائے ۔ اجلاس میں علامہ راجہ ناصر عباس نے بھی بجٹ اور حکومت پر کڑی تنقید کی اور بانی پی ٹی آئی کی قید سمیت دیگر سیاسی قیدیوں کا ذکر کرتے رہے ۔ بجٹ اجلاس میں پی ٹی آئی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا ارادہ رکھتی ہے اور ماحول کو گرم رکھنے کی حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہے ۔