نوجوان کا فضا میں اڑتے ہوئے دو پزل حل کرنیکا ریکارڈ
لاہور(نیٹ نیوز)روبِک کیوب کے شوقین نوجوان نے اپنی زندگی کے پہلے ہی سکائی ڈائیونگ جمپ میں فضا میں اڑتے ہوئے دو پزل حل کیے اور گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
24 سالہ اِیشان ہدکر نے اوشیئن سائیڈ کے آسمانوں میں پہلی بار سکائی ڈائیونگ کی تاکہ ایک ہی سکائی ڈائیو کے دوران سب سے زیادہ گھومنے والے پزل کیوب حل کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر سکیں۔تاہم ان کی پہلی کوشش، جو ان کی زندگی کی پہلی سکائی ڈائیو بھی تھی، کامیاب نہ ہو سکی۔اِیشان نے بتایا کہ انہیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ یہ تجربہ کیسا ہوگا اور انہیں کیا محسوس ہوگا۔ ان کے پہلے ریکارڈ کی کوشش کے دوران ایک کیوب ہوا میں ہی ٹوٹ گیا لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری ۔دوسری کوشش میں اِیشان نے 13 ہزار فٹ کی بلندی سے زمین کی طرف گرتے ہوئے ہوا میں ہی دو روبِک کیوب کامیابی سے حل کر لیے اور یوں نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔