پاکستان کے مخلصانہ کردارکو ہمیشہ یاد رکھیں گے ،ایرانی سفیر

 پاکستان کے مخلصانہ کردارکو ہمیشہ یاد رکھیں گے ،ایرانی سفیر

امن معاہدہ خطے میں استحکام اور باہمی اعتماد کے فروغ کی جانب مثبت قدم ،سپیکر رضا امیری مقدم کی ایاز صادق سے ملاقات، قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی دیکھی

 اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور امن معاہدے کے حصول کے لیے پاکستان کی حکومت، پارلیمنٹ اور سفارتی کوششوں کو سراہا ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ایران،امریکا امن معاہدے ، پاک۔ایران تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سپیکر نے ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے پر ایرانی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی اعتماد کے فروغ کی جانب ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم ہے جو علاقائی اور عالمی سطح پر امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر ایرانی سفیر نے پاکستان کی پارلیمانی، سیاسی، سفارتی، سول اور عسکری قیادت کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے امن معاہدے کے لیے کامیاب سفارتکاری پر مبارکباد پیش کی۔ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران کی حکومت اور عوام، ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور امن معاہدے کے لیے پاکستان کی پارلیمنٹ، حکومت، عسکری قیادت اور عوام کی جانب سے ادا کیے گئے مخلصانہ کردار کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔ بعد ازاں ایرانی سفیر نے وفد کے ہمراہ قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں