ٹیکس نظام ڈیجیٹلائز کیا جا رہا محاصل میں اضافہ ہوگا:وزیر خزانہ

ٹیکس نظام ڈیجیٹلائز کیا جا رہا   محاصل میں اضافہ ہوگا:وزیر خزانہ

فیصل آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف ریونیو لیکیج کا خاتمہ ہوگا بلکہ محاصل کی وصولی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کاروباری برادری کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس صرف پوسٹ بجٹ میٹنگ نہیں بلکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کا آغاز ہے جس کی ابتدا فیصل آباد سے کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بجٹ کی تیاری فنانس ڈویژن کرے گا جبکہ ایف بی آر صرف ٹیکس ایڈمنسٹریشن اور وصولیوں سے متعلق امور دیکھے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی میں نجی شعبے کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 11.5 فیصد تک آ چکی ہے ، ٹیکس اصلاحات پر گزشتہ دو برس سے کام جاری تھا جس کے نتیجے میں ایڈوانس ٹیکس اور سپر ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے ۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت تعمیراتی شعبے کی حوصلہ افزائی کرے گی تاہم فائلوں کی خرید و فروخت کے کاروبار کو کوئی خصوصی سہولت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا اور ایف بی آر کے ریکارڈ کو باہم منسلک کیا جا رہا ہے جس سے ٹیکس نظام میں شفافیت آئے گی ۔زرعی مشینری پر ریگولیٹری ڈیوٹی اور ایڈوانس ٹیکس کو بھی صفر کر دیا گیا ۔وزیر خزانہ نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے چیمبرز آف کامرس اور کاروباری برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں