ٹرمپ اور نیتن یاہو کا ٹیلیفونک رابطہ، واشنگٹن میں جلد ملاقات پر اتفاق
تل ابیب: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان جمعہ کے روز ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے جلد واشنگٹن میں ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔
تل ابیب سے اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ کو امریکا کے قیام کی 250ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔
بیان کے مطابق نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل امریکا کے ساتھ اپنے قریبی اور مضبوط تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور جلد ملاقات پر اتفاق کیا۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا اور اسرائیل ایران، غزہ اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر مسلسل رابطے میں ہیں۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ متوقع ملاقات میں ایران، غزہ کی جنگ، یرغمالیوں کی رہائی جنگ بندی کی کوششوں اور دفاعی تعاون سمیت اہم علاقائی امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ٹرمپ اور نیتن یاہو کے تعلقات میں کشیدگی کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں تاہم دونوں رہنماؤں نے بعد ازاں اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ باہمی رابطے اور تعاون برقرار ہیں۔