ریکارڈ توڑ گرمی نے فرانس کو جھلسا دیا، ہفتے میں اموات 29 فیصد بڑھ گئیں
پیرس:(دنیا نیوز) فرانس میں جون کے آخری ہفتے کے دوران ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر جان لیوا ثابت ہوئی، جہاں اموات کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کی قومی صحت ایجنسی سانتے پبلک فرانس نے بتایا ہے کہ 22 سے 28 جون کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 2 ہزار 25 اموات ریکارڈ کی گئیں، جو اس سے گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں تقریباً 29 فیصد زیادہ ہیں۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ یہ ابتدائی اعداد و شمار صرف الیکٹرانک ڈیتھ سرٹیفکیٹس پر مبنی ہیں، اس لیے امکان ہے کہ حتمی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو۔
علاوہ ازیں حکام کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت کے باعث صحت عامہ کو شدید خطرات لاحق ہیں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔