سینیٹر فیصل واوڈا کا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے استعفے کا مطالبہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے استعفے کا مطالبہ کردیا۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اوپر سے ماشااللہ وزیر خارجہ بھی، پاکستان کو فیملی کارپوریشن کی طرح چلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اُن کے مبینہ قریبی رشتے دار پر غیر ملکی خواتین کو پاکستان بلا کر مبینہ زیادتی، تشدد اور بھتہ خوری کے الزام سامنے آئے، اس کے بعد غالباً متعلقہ غیر ملکی سفارتخانے کی مداخلت پر ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومت مبینہ واقعے کو دبانے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے، کیس کو ریپ کے بجائے بھتے تک محدود کرنے کی مبینہ کوشش کی جارہی ہے، اس واقعے میں 164 کا بیان جو اب تک سامنے آ جانا چاہیے تھا وہ منظر عام پر نہیں آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کے نام پر ایلیٹ کلاس نے ملک پر قبضہ کیا ہوا ہے، کچھ جمہوری جنازے کئی سالوں سے ملک کو لوٹ رہے تھے اور اب عزتیں بھی لوٹ رہے ہیں، افسوس کی بات ہے کہ ان جمہوری جنازوں کی اولاد کے ہاتھوں میں پاکستانیوں کی قسمتوں کے فیصلے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ قوم دیکھے کسی سیاسی جماعت یا اس کے لیڈر خواہ اپوزیشن کے ہوں یا حکومت میں یا اتحادی کسی ایک کا بھی مذمتی بیان سامنے نہیں آیا، خواتین کے حقوق کے نام نہاد چیمپینز بھی خاموش ہیں۔