فیفا ورلڈ کپ: دلچسپ مقابلے کے بعد مصر نے آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے دی

ڈلاس: (دنیا نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے راؤنڈ آف 32 کے انتہائی سنسنی خیز، اعصاب شکن اور ڈرامائی مقابلے میں مصر نے آسٹریلیا کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

ٹیکساس کے ڈلاس سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس ہائی وولٹیج میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت اور اضافی وقت تک مقابلہ 1-1 سے برابر رہا، جس کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر مصر نے 2-4 سے میدان مار لیا۔

میچ کا آغاز ہوا تو کھیل کے 13ویں منٹ میں مصر کے مڈفیلڈر امام عاشور نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔

دوسرے ہاف میں آسٹریلیا نے کم بیک کرنے کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا دی، اور 55ویں منٹ میں مصر کے محمد ہانی کی جانب سے ایک بدقسمت اون گول ہوا، جس نے آسٹریلیا کو میچ میں 1-1 کی برابری پر لا کھڑا کیا۔

اس کے بعد اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول نہ کر سکیں، پنالٹی شوٹ آؤٹ میں مصر کے 4 پلیئرز نے بال کو جال کی راہ دکھائی، جبکہ آسٹریلیا کے 2 کھلاڑی پنالٹی مس کر بیٹھے، مصری ٹیم اس شاندار جیت کے بعد اب اگلے مرحلے راؤنڈ آف 16 میں داخل ہو چکی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں