کراچی میں گھریلو جھگڑے پر فائرنگ سے خاتون جاں بحق، ملزم گرفتار
کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد میں گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ سے خاتون جاں بحق جب کہ ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ شہر کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 5 میں پیش آیا جہاں گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ سے گولی لگنے سے ایک خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے دوران خاتون بیچ بچاؤ کرا رہی تھیں کہ گولی لگنے سے جان کی بازی ہار گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے جو فائرنگ کے دوران خود بھی زخمی ہو گیا۔
زخمی ملزم کو نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے جب کہ پولیس نے اسے حراست میں لے لیا ہے۔
تفتیشی ٹیم نے مزید بتایا کہ جاں بحق خاتون ملزم کی بیوی کی خالہ تھی جس کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔