این ڈی ایم اے کی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا پہلا اجلاس، مون سون خطرات کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد:(دنیا نیوز) میں وزیرِاعظم کی ہدایات پر قائم ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا پہلا اجلاس این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا، جس میں مون سون 2026 کے دوران ممکنہ خطرات، قومی تیاریوں اور ہنگامی ردعمل کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی، جبکہ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصّدق ملک، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی  اور دیگر متعلقہ وفاقی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

شرکا کو بتایا گیا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے سیکرٹریٹ کے فرائض سرانجام دے گی، اجلاس میں مون سون کے دوران ممکنہ موسمی خطرات، سیلابی صورتحال اور قومی تیاریوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں مون سون کے دوران وفاق، صوبوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور فوری ردعمل کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا، اس موقع پر تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو کمیٹی میں بطور شریک اراکین شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

مزید برآں مون سون کے زرعی پیداوار، آبی ذخائر اور قومی انفراسٹرکچر پر ممکنہ اثرات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ 

دوسری جانب اجلاس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مربوط قومی حکمت عملی کے ذریعے مون سون 2026 کے دوران جان و مال کے تحفظ اور نقصان میں کمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں