قائمہ کمیٹی داخلہ :سابق اراکین پارلیمنٹ کو بلیو پاسپورٹ دینے کا بل منظور

قائمہ  کمیٹی  داخلہ :سابق  اراکین  پارلیمنٹ  کو  بلیو  پاسپورٹ  دینے  کا  بل  منظور

ارکان کی شریکِ حیات، 28 سال سے کم عمر زیر کفالت بچے بھی بلیو پاسپورٹ حاصل کر سکیں گے :متن وفاقی اداروں کی کارکردگی، احتساب ، قانون سازی سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ ، ہدایات جاری

اسلام آباد (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک ، خصوصی رپورٹر ) سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ نے سابق اراکین پارلیمنٹ کو بلیو پاسپورٹ دینے کا بل منظور کر لیا ،بل سینیٹر عبدالقادر کی جانب سے دی ممبرز آف پارلیمنٹ (سیلریز اینڈ الاؤنسز) ترمیمی ایکٹ 2026 پیش کیا گیا ،بل  کے مطابق سابق اراکینِ پارلیمنٹ کو مفت آفیشل (بلیو)پاسپورٹ کا حقدار بنایا جائے گا، سابق ارکان پارلیمنٹ کی شریکِ حیات اور 28 سال سے کم عمر زیر کفالت بچے بھی مفت بلیو پاسپورٹ حاصل کر سکیں گے ،بل کے مطابق ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹریز اور ان کی فیملیز کو یہ سہولت پہلے سے حاصل ہے ، سابق اراکینِ پارلیمنٹ کو بھی ریٹائرڈ وفاقی سیکر ٹریز کے مساوی لایا جائے گا ،قائمہ کمیٹی سے منظوری کے بعد بل کو حتمی قانون سازی اور ووٹنگ کے لئے سینیٹ کے باقاعدہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، تاہم یہ تجویز اس وقت تک قانون نہیں بنے گی جب تک پارلیمانی کارروائی مکمل ہو کر متعلقہ مراحل طے نہیں کر لیتی۔ قائمہ کمیٹی داخلہ و انسدادِ منشیات نے وفاقی اداروں کی کارکردگی، احتساب، امن و امان، قانون سازی اور عوامی تحفظ سے متعلق اہم معاملات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ایف بی آر میں مبینہ بے ضابطگیوں، سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی سکیورٹی، اسلام آباد سے مبینہ اغوا اور جبری شادی کے مقدمے ، واٹر سیفٹی قانون سازی اور ار اکین پارلیمنٹ کی مراعات سے متعلق متعدد اہم فیصلے کئے اور ہدایات بھی جاری کیں ،سینیٹر فیصل سلیم ر حمن کی زیر صدارت اجلاس میں گمشدہ سگریٹوں کے معاملے پر ایف بی آر حکام سے پیش رفت رپورٹ طلب کی گئی ۔اجلاس کے دوران کمیٹی نے ایف بی آر کی تحقیقاتی رپورٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں سینئر افسران کو بچانے اور چھوٹے ملازمین کو ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کی گئی ،چیئرمین کمیٹی نے بتایا کہ ایف آئی اے کی تحقیقات میں ایک ڈپٹی کلکٹر، دو افسران اور دو انسپکٹرز کو نامزد کیا جا چکا ، تاہم انہیں تاحال ای سی ایل میں شامل نہیں کیا گیا ۔کمیٹی نے ارکانِ پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق ترمیمی بل 2026 متفقہ طور پر منظور کر لیا، جس کے تحت ارکانِ پارلیمنٹ کے 28 سال تک کی عمر کے زیر کفالت بچوں کو بھی گریڈ 22 کے سرکاری افسران کے بچوں کی طرح بلیو پاسپورٹ جاری کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں