بھارتی آبی جارحیت کیخلاف پیپلز پارٹی کی ریلیاں منہ ،توڑ جواب دینے کا عزم

بھارتی  آبی  جارحیت  کیخلاف  پیپلز  پارٹی  کی  ریلیاں  منہ ،توڑ  جواب  دینے  کا  عزم

ہم پر امن،بھارت نہ مانے تو سیاسی قیادت اعلان جنگ کرے ، سعید غنی،کراچی پریس کلب پر ریلی سے خطاب سالمیت پر حملہ برداشت نہیں، دریائے سندھ کے وارث خون کے آخری قطرے تک اپنے پانی کی حفاظت کرینگے ،مقررین

 کراچی ، حیدرآباد، لاڑکانہ،ٹنڈو محمد خان،بدین(خبر ایجنسیاں ، بیورو رپورٹ،نمائندہ دنیا)بھارتی آبی جارحیت کے خلاف پیپلزپارٹی کا کراچی سمیت سندھ بھر میں احتجاج، ریلیاں نکالی گئیں۔کراچی میں پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے تحت نکالی جانے والی ‘‘مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں’’ ریلی سندھ اسمبلی بلڈنگ تا کراچی پریس کلب تک نکالی گئی۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر محنت و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا کہ دنیا کا کوئی قانون کوئی مذہب بھارت کا اجازت نہیں دیتا کہ وہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرے ۔ ہم پُرامن لوگ ہیں، ہم کوئی جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر ہمارے لوگ بھوکے مریں تو پھر جنگ کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 1960 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان سندھ طاس معاہدہ ہوا، جس کا ثالث ورلڈ بینک ہے ۔ سعید غنی نے کہا کہ بھارت سیدھی طرح نہ مانا تو سیاسی قیادت بھارت کیخلاف اعلان جنگ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت معرکہ حق میں اپنی ہزیمت کا بدلہ لینا چاہتا ہے لیکن ہم ان پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ہم ان کو ایسا جواب دیں گے کہ اس کی نسلیں یاد رکھیں گی۔بھارتی آبی جارحیت کے خلاف ’’مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں ‘‘ریلی پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی قیادت میں شورو ہاؤس سے نکالی گئی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی ، جہاں ریلی کے شرکا نے بھارتی حکمرانوں کیخلاف احتجاج کیا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہاکہ بھارت کو اپنی طاقت پر فخر ہے اور ہمیں اپنی اور اپنی افواج کی طاقت پر فخر ہے ، ہم نے ماضی میں بھی بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور اب بھی دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے ہمارے پانی پر حملہ کیا ہے جس سے ہمارے ملک میں آبی بحران پیدا ہوگیا ہے ، مودی کو بھی سندھ کے جوان بھرپور جواب دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے لوگ اپنی آزادی اور سالمیت پر کوئی بھی حملہ برداشت نہیں کریں گے ۔سندھ بھر کی طرح ضلع لاڑکانہ میں بھی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر دریائے سندھ کے پانی کے معاملے پر بھارت کی جانب سے مبینہ زیادتی کے خلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی بیگم نصرت بھٹو ٹاؤن ہال لاڑکانہ سے شروع ہوئی اور شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتے ہوئے پاکستان چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کی قیادت ایم این اے خورشید احمد جونیجو، وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی خیر محمد شیخ و دیگر عہدیداران و نمائندگان نے کی۔ٹنڈو محمد خان میں بخاری ہاؤس سے پریس کلب ٹنڈومحمدخان تک ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت پیپلز پارٹی کے ایم پی ایز سید اعجاز شاہ بخاری ،خرم کریم سومرو نے کی۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ کے پانی پر بھارت کا قبضہ برداشت نہیں کریں گے ، بزدل بھارت کان کھول کر سن لے دریائے سندھ کے وارث اپنے خون کے آخری قطرے تک اپنے دریا کے پانی کی حفاظت کریں گے ۔

پیپلز پارٹی ضلع بدین کی جانب سے دریائے سندھ پر بھارتی آبی جارحیت کے خلاف شہید بے نظیر بھٹو پارک سے بدین پریس کلب تک نکالی جانے والی احتجاجی ریلی کی قیادت چیئرمین ضلع کونسل بدین اور ضلعی صدر علی اصغر ہالیپوٹو نے کی ۔ریلی میں صوبائی وزیر اسماعیل راہو سمیت ضلع بھر کے پارٹی عہدیدران اور کارکنوں کی بہت بڑی تعداد ریلی میں شریک تھی ۔اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور ملک کے پانی، زمین، فضائی اور سمندری حقوق کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے ۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ دریائے سندھ پر پاکستان کے آبی حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے ، بین الاقوامی معاہدوں کا احترام کیا جائے اور قومی مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتانہ کیا جائے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی اور پوری قوم دریائے سندھ اور پاکستان کے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر جمہوری، قانونی اور آئینی فورم پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔پیپلز پارٹی ضلع گھوٹکی کی جانب سے میرپورماتھیلو میں پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر میر بابر خان لونڈ ،ضلعی چیئرمین بنگل خان مہر اورجنرل سیکریٹری سکندر لاکھو کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔اس دوران شرکا کی جانب سے بھارت کی آبی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت کی آبی جارحیت قبول نہیں ،پاکستان اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور آبی حقوق کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ آبی حقوق کے تحفظ اور ملک کے مفادات کے دفاع کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں