عمران خان اور بشری ٰکی قید تنہائی سے متعلق دلائل عدالت جمع
فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کریں،سلمان صفدر کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا 8کتابیں بانی کو فراہم کیں،4پڑھ رکھی تھیں،انہوں نے واپس کر دیں،جیل حکام بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ سے 45منٹ ملاقات، بشریٰ سے بیٹی اور بھابی بھی ملیں
اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری ٰبی بی کی قید تنہائی سے متعلق کیس میں درخواست گزاروں کی جانب سے تحریری دلائل جمع کرادئیے گئے جبکہ اڈیالہ جیل کے حکام نے بانی کو کتابیں فراہم کردئیے جانے کی رپورٹ بھی جمع کرا دی ، جسٹس خادم حسین سومرو کی عدالت میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے 19 صفحات پر مشتمل تحریری دلائل میں سپرنٹنڈنٹ جیل کی رپورٹ حقائق کے منافی اور گمراہ کن قرار دی گئی ہے ،انہوں نے حقائق کے جائزہ کے لئے عدالتی معاون، لوکل کمیشن یا فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ کمیشن بانی اور بشری ٰبی بی سے ملاقات کرے۔
عدالت بانی اور بشری ٰبی بی کو طلب کرنے کا حکم دے ،عدالت ویڈیو لنک کے ذریعے بھی بیان قلمبند کرسکتی ہے ،ایک ایسا بورڈ تشکیل دیا جائے جو سینٹرل جیل اڈیالہ کا دورہ کرے اوراپنی آزادانہ رپورٹ عدالت میں پیش کرے ،وزیر اعلیٰ ٰپنجاب کی قیدیوں کو ویڈیو لنک پر بات کرانے کی سہولت بانی کو بھی فراہم کریں ، ہفتہ وار ملاقاتیں یقینی بنائی جائیں، سپرنٹنڈنٹ جیل نے عدالتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے نامکمل رپورٹ دی ہے ،ادھر عمران خان کو جیل میں کتابیں فراہم کرنے سے متعلق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نے رپورٹ جمع کرائی جس میں کہاگیا کہ آٹھ کتابیں اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ہمیں موصول ہوئیں جو بانی پی ٹی آئی کو فراہم کی گئیں،بانی نے آٹھ میں سے چار کتابیں یہ کہہ کر واپس کر دیں کہ پہلے ہی یہ پڑھ چکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments