چھوٹے صوبے بننے سے سیاسی نفرتوں ،انتشار کا خاتمہ :سیاسی رہنما
ہزارہ اور بہاولپور سمیت نئے صوبے قوم کومتحد کرینگے :سردار یوسف،محمد علی درانی صوبوں کابجٹ راستے میں غائب :سینیٹر طلحہ،اسلام آباد ، پوٹھوہار کوبھی صوبہ بنانیکامطالبہ
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )اسلام آباد میں نئے صوبوں کے حوالے سے اجلاس چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف کی صدارت میں سینیٹر طلحہ محمود کی رہائش گاہ پر ہوا، مہمانِ خصوصی چیئرمین تحریکِ بحالی صوبہ بہاولپور محمد علی درانی تھے ۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ ہم گزشتہ 16 سال سے مل کر صوبوں کے لیے تحریک چلا رہے ہیں۔ 2011ء میں ہم نے تحریکِ صوبہ جات کی بنیاد رکھی تھی اور ہماری تحریک سے متاثر ہو کر دیگر علاقوں سے بھی صوبوں کی آوازیں بلند ہوئیں۔ ہزارہ اور بہاولپور کا مطالبہ خالصتاً انتظامی بنیادوں پر ہے ۔ چھوٹے یونٹس کے قیام سے ملکی معیشت مضبوط ہو گی، پارلیمان میں قومی قیادت ہزارہ صوبے پر اتفاق کر چکی ہے اب اسے عملی جامہ پہنایا جائے۔ محمد علی درانی نے کہا کہ قومی قیادت میدان میں آ گئی ہے ، ہزارہ اور بہاولپور سمیت نئے صوبوں کا قیام قوم کو متحد کرے گا۔
چھوٹے صوبے ملکی استحکام کا سبب بنیں گے اور ملک میں جاری سیاسی نفرتوں اور انتشار کا خاتمہ ہو گا۔ ہزارہ اور بہاولپور میں یہ قدر مشترک ہے کہ دونوں جگہ عوام نے اپنا خون دیا ہے ۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اس خون کی قدر کی جائے ۔ ہزارہ اور بہاولپور میں عوامی اور سیاسی سطح پر مکمل اتفاقِ رائے ہے ۔ جلسے اور جلوس بھی ہو چکے ہیں ، اگر ضرورت ہوئی تو دوبارہ عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے ۔ سینیٹر طلحہ محمود نے کہا نظام واقعی تباہ ہو چکا ہے ۔ صوبوں کو جو بجٹ جاتا ہے وہ راستے میں غائب ہو جاتا ہے ۔ میں صوبہ ہزارہ کے لیے 16 سال سے اس جدوجہد کے ساتھ ہوں۔
مالاکنڈ ڈویژن کے عوام بھی شدید محرومیوں کا شکار ہیں، ان تمام مسائل کا واحد حل یہ ہے کہ اقتدار نچلی سطح پر منتقل کیا جائے ۔ مرکزی کوآرڈینیٹر پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ ہزارہ اور بہاولپور کا پرانا ساتھ ہے ، اب قومی سطح پر بھی ہمارے مو ٔقف کی تائید ہو چکی ہے ۔ممبر قومی اسمبلی بابر نواز نے کہا صرف حطار انڈسٹریل ایریا سے اربوں روپے آ رہے ہیں۔ ڈیم ہمارے ہیں، منرلز اور مائنز بھی ہیں لیکن یہاں کلاس فور تک ملازمین دوسرے علاقوں سے آتے ہیں۔مولانا چراغ الدین شاہ اور قاری محبوب الرحمن نے کہا ہم دوبارہ بھاشا سے کوہستان تک علما کنونشن منعقد کریں گے ۔ایم ساجد عباسی نے کہا کہ ملک کے استحکام کے لیے ضروری ہے کہ اسلام آباد اور پوٹھوہار کو بھی الگ صوبہ بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments