عمران سے ملاقات کے بعد یہ مذاکرات نہیں کرسکیں گے :رانا ثنا
پی ٹی آئی کو دہشتگردی کے خلاف غیرمشروط طورپر وفاق کیساتھ کھڑا ہونا چاہیے موجودہ تعداد اسلام آباد آنے کی پوزیشن میں نہیں،دنیا مہربخاری کیساتھ میں گفتگو
لاہور (دنیا نیوز )وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مذاکرات کی پیشکش موجود ہے ، لانگ مارچ ختم کریں تو بات ہوسکتی ہے ،بد قسمتی ہے بانی پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں کے ساتھ ڈائیلاگ پر یقین نہیں رکھتے ، انہوں نے سیاست نہیں مار دھاڑ کرنی ہے ، جس دن ان کی ملاقات بانی پی ٹی آئی سے ہو گئی تو یہ مذاکرات بھی نہیں کر سکیں گے ۔ دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاقی حکومت نے جو بھی فیصلہ کیا ہے ، تمام اداروں ،صوبائی حکومتوں کو غیر مشروط طور پر اس کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ، تحریک انصاف کو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیر مشروط طور پر پاکستان اور وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ، پاکستان کو بیرونی دہشتگردی کی جارحیت کا سامنا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے تحریک انصاف سے کبھی یہ نہیں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی جائے گی، حکومت نے پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ وہ اپنی ذمہ داری پر کھڑی ہو، حکومت اور پاکستان کا ساتھ دے۔
جبکہ عمران خان سے ملاقات، علاج معالجے اور ذاتی ڈاکٹر سے متعلق معاملات حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی ، لندن کے ڈاکٹر سے چیک اپ کرایا گیا ، لندن کے ڈاکٹر پاکستان میں ہی موجود تھے ۔ مذاکرات آگے نہ بڑھنے کی ایک وجہ یہ تھی کہ تحریک انصاف نے دہشت گردی کے خلاف حکومت کی بنائی گئی پالیسی سے اتفاق نہیں کیا اور اس پر عملدرآمد کی مخالفت کی۔ وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش اب بھی موجود ہے ، تحریک انصاف لانگ مارچ ختم کرے تو بات چیت ہوسکتی ہے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف لانگ مارچ ایک ماہ بھی جاری رکھے تو خود تھک جائے گی، جبکہ موجودہ تعداد اسلام آباد آنے کی پوزیشن میں نہیں، اگر تحریک انصاف استعفے دینا چاہتی ہے تو یہ بھی پہلے کرچکی ہے ، ان کے استعفوں سے سسٹم متاثر نہیں ہو گا ، دو اسمبلیاں توڑنے کا تجربہ بھی کرچکی ہے اور دوبارہ ایسا کرکے دیکھ سکتی ہے ۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مولانا فضل الرحمن حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور حکومت کے ان سے رابطے بھی موجود ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments