سعودی تعلقات معاشی شراکت داری میں بدلنا ہو نگے :زرداری
لاہور میں نمائش کا دورہ،غیر ملکی کمپنیوں کیلئے سازگار حالات پیدا کیے جائیں
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں بدلنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں منعقدہ رئیل اسٹیٹ نمائش کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تین روزہ یہ نمائش آج جمعے تک جاری رہے گی، اس میں سعودی کمپنیاں مکہ اور مدینہ میں اپنے رہائشی اور دیگر تعمیراتی منصوبے پیش کر رہی اور پاکستان میں ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع کا بھی جائزہ لے رہی ہیں۔ ایوانِ صدر سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری، سرمایہ کاری میں اضافے اور دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند کاروباری مواقع میں تبدیل کرنا ضروری ہے ،سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔
انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کو قریب لانے کی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور زور دیا کہ پاکستان میں غیر ملکی کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے سازگار حالات پیدا کیے جائیں۔ دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری جرمنی پہنچ گئے ۔صدر مملکت دورہ کے دوران جرمن صدر اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران سے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی صورتحال اور معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ ایوان صدر کے میڈیا وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت یہ دورہ جرمنی کے صدر فرینک والٹر شٹائن مائر کی دعوت پر کر رہے ہیں۔صدر آصف علی زرداری کا دورہ جرمنی انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، گزشتہ 23سالوں بعد کسی بھی پاکستانی سربراہ مملکت کا یہ پہلا دورہ جرمنی ہوگا۔ رواں برس دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں۔ اس حوالے سے جرمن صدر کی صدر مملکت کو جرمنی کے دورے کی خصوصی دعوت نمایاں حیثیت رکھتی ہے ۔ صدر مملکت دورہ جرمنی کے دوران ایک اعلٰی سطح وفد کے ہمراہ جرمنی کے صدر اور اعلی ٰجرمن حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے ۔ ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی صورتحال، معاشی اور تجارتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments