بلدیاتی الیکشن کا مستقبل غیر یقینی، الیکشن کمیشن بے بس
پختونخوا ، اسلام آباد میں التوا کے بعد پنجاب میں بھی انتخابات کا انعقاد مشکل
(تجزیہ :سلمان غنی)
وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کو موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلے کے تحت انہوں نے آئین کی شق 140 اے کو بھی معطل کیا ہے جس کے تحت وہاں غیر معینہ مدت کیلئے مقامی حکومتوں کے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکے گا،اسی طرح الیکشن کمیشن پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا تو اس فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت نے عدالت سے رجوع کر لیا جس پر عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے وہاں بھی الیکشن معطل کر دیا۔وفاقی حکومت کے بقول خیبر پختونخوا میں سکیورٹی حالات کے پیش نظر انتخابات ممکن نہیں اسی طرح اسلام آباد میں بھی نئے مجوزہ بلدیاتی نظام کے تناظر میں حکومت ایک بل کیبنٹ اور پارلیمنٹ سے منظور کرنا چاہتی ہے ، اس کے بعدہی انتخابات ہوں گے حالانکہ الیکشن کمیشن زور دے رہا تھا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں تاخیری کوشش قبول نہیں کی جائے گی لیکن اب عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن بھی بے بس ہو گیا ،اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کیلئے تو امیدواروں نے کاغذات بھی جمع کروا دیئے تھے لیکن انہیں عدالتی فیصلے پرانہیں سخت مایوسی ہوئی ،الیکشن کمیشن کو وفاقی حکومت کے خیبر پختونخوا کے اقدامات اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے گریز کے فیصلے پر کافی مایوسی ہوئی اور ان کے بقول الیکشن کمیشن کی تمام تر تیاریاں مکمل تھی ۔دوسری طرف الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے 7 فروری کی تاریخ دی ہے اور کہا ہے کہ پنجاب میں انتخابات مرحلہ وار ہوں گے لیکن ایسے لگتا ہے یہاں بھی انتخابات ممکن نہیں ہونگے ،فروری میں رمضان المبارک اور عید کی وجہ سے انتخابات کا انعقاد مشکل لگتا ہے ۔کچھ لوگوں کا کہنا ہے حکومت 28ویں ترمیم کی مدد سے مقامی حکومتوں کے نظام یا آئین میں بنیادی تبدیلیاں کرنا چاہتی ہے اور اسی کی بنیاد پر نئے انتخابات نئے نظام کے تحت ہی ہوں گے اس لیے فی الحال پنجاب میں بھی مقامی حکومتوں کے انتخابات کا منظر نامہ مشکل نظر آرہا ہے اگر چہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کا اعلان تو کر دیا ہے لیکن الیکشن کمیشن اس سے قبل بھی کوئٹہ، خیبر پختونخوا،اسلام آباد اور پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کی کئی بار تاریخیں دے چکا ہے لیکن وہاں کی صوبائی حکومتیں ان فیصلوں پر عملدرآمد کو تیار نہیں ،اس سارے کھیل میں الیکشن کمیشن کی سیاسی بے بسی بھی دیکھنے کو ملتی ہے جو ایک آئینی اور خود مختار ادارہ ہونے کے باوجود اپنے ہی فیصلوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکامی سے دوچار ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments