ایران اور امریکا کے ایک دوسرے کے ڈرون مارگرانے کے دعوے
واشنگٹن، تہران(رائٹرز، دنیا نیوز)ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کوہستک کے علاقے میں ایک امریکی ایم کیو-1 ڈرون کو مار گرایا ہے ۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے رپورٹ کیا کہ ڈرون کو بحریہ کے نئے دفاعی نظام کی کامیاب مداخلت اور فائرنگ سے مار گرایا گیا۔ارنا نے تصاویر بھی شائع کیں اور کہا کہ یہ تصاویر گرائے گئے ڈرون کی ہیں۔اس دعوے کے کچھ دیر بعد امریکی فوج کا بھی یہ بیان سامنے آیا ہے کہ اس نے پاسدارانِ انقلاب کے بحرین کی سمت2خودکش ڈرون راستے میں ہی روک کر تباہ کر دئیے ۔سینٹ کام کے مطابق اس حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ایران کی سرکاری نیوز ایجنسیوں کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری کردہ ایک بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے بحرین میں امریکی افواج کے ارلی وارننگ ریڈار کو آدھی رات کے امریکی فضائی حملے کے جواب میں نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔آئی آر جی سی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دشمن کیلئے ایک سنجیدہ انتباہ ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں اپنے فضائی حملوں اور تیل کی سمگلنگ کو ختم کر دے ۔پاسدارانِ انقلاب (نیوی)نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایل این جی بردار ایک جہاز ایرانی بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے بعد اس میں شدید دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔تاہم آزاد بحری نگرانی کے اداروں نے تاحال اس واقعے کی تصدیق نہیں کی ۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران اور عراق کے درمیان سومار بارڈر کراسنگ تا حکم ثانی بند رہے گی۔
کرمانشاہ کسٹمز کے ڈائریکٹر جنرل داریوش صادقی نے اعلان کیا کہ کرمانشاہ صوبے میں سومار بارڈر کراسنگ کو تکنیکی اور بنیادی ڈھانچے کی کارروائیوں کی وجہ سے جمعہ سے اگلے نوٹس تک بند کر دیا گیا ہے ۔حوثیوں کے آرامکو اور سعودی تیل پائپ لائن کو نشانہ بنانے کے اعلان پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن سے متعلق پابندیاں ایک سال کیلئے بڑھا دیں۔ متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد میں حوثیوں (انصار اللہ گروپ)کے سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کی گئی ہے ۔بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے )نے کہا ہے کہ اصفہان میں ایران کی یورینیم افزودگی کی تنصیب پر تشویش اور اس کے خدشات میں روز بروز شدت آ رہی ہے ۔جوہری نگراں ادارے کے مطابق یہ بات ابھی تک واضح نہیں ہو سکی کہ آیا اس تنصیب میں جوہری مواد موجود ہے یا نہیں، اور نہ ہی اس کے صحیح مقام کا تعین کیا جا سکا ہے ۔فرانس کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا پریس کانفرنس میں کہنا ہے کہ یمن کے حوثیوں پر دباؤ بڑھایا جانا چاہیے تاکہ یہ گروہ خطے میں خصوصاً سعودی عرب کے خلاف اپنے حملے بند کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments