پہلا ٹیسٹ : مائیک ہیسن کا ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار
ٹاس ہارنے کے بعد ابر آلود موسم اور خراب روشنی میں بیٹنگ کرنا آسان نہیں تھا تاہم کھلاڑیوں نے مشکل حالات میں بھی عمدہ کھیلا بابر رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں 50 سے زائد کی اوسط کے ساتھ نمایاں ہیں ، اس لیے ان کی کارکردگی کو مسئلہ قرار دینا درست نہیں
راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹاس ہارنے اور خراب روشنی کے باعث 140 اوورز ضائع ہونے کے باوجود پاکستان نے میچ کے بیشتر حصوں میں حریف ٹیم پر برتری برقرار رکھی۔ انہوں نے ٹیسٹ ڈیبیو پر سات وکٹیں حاصل کرنے والے ثاقب خان سمیت دیگر نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ ٹاس ہارنے کے بعد ابر آلود موسم اور خراب روشنی میں بیٹنگ کرنا آسان نہیں تھا تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے مشکل حالات میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ طیب عارف نے پہلی اننگز میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ محمد طحہ نے دونوں اننگز میں دباؤ کا بہترین انداز میں سامنا کیا۔ عرفات منہاس کی نصف سنچری اور ثاقب خان کی سات وکٹیں بھی قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چھ کیچز پکڑنے کے علاوہ وکٹوں کے پیچھے عالمی معیار کی وکٹ کیپنگ کی اور بیٹنگ میں بھی رنز بنائے ۔ سعود شکیل کے بار بار نروس نائنٹیز کا شکار ہونے سے متعلق سوال پر مائیک ہیسن نے کہا کہ وہ ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، 90 رنز تک پہنچنا بھی اچھی کارکردگی ہے اور وہ اسے کوئی مسئلہ نہیں سمجھتے ۔ بعض اوقات پچ اور کھیل کے حالات بھی بیٹنگ پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں 50 سے زائد کی اوسط کے ساتھ نمایاں ہیں اور 10 سے زیادہ اننگز کھیلنے والے کھلاڑیوں میں ان کی اوسط سب سے زیادہ ہے ، اس لیے ان کی کارکردگی کو مسئلہ قرار دینا درست نہیں۔ مائیک ہیسن نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان میں ٹیسٹ میچز کے انعقاد کے لیے پنک بال کے استعمال پر غور کیا جا سکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments