دل کو نقصان پہنچانے کا ذمہ دار دماغ ہوتاہے :نئی تحقیق
ماہرین کا خیال ہے کہ کسی صدمے کے بعد آپ کے دل کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور ممکنہ طور پر یہ نقصان آپ کا دماغ پہنچاتا ہے ۔
جنیوا(نیٹ نیوز)سوئٹزرلینڈ کے محققین نے شکستہ دل سنڈروم کی غیر معمولی صورت حال سے دو چار افراد پر تحقیق کی ہے ۔اس میں دل کا کمزور پڑجانا اور ناکام ہو جانا اچانک ہوتا ہے اور یہ عام طور پر کسی تناؤ یا جذباتی واقعہ جیسے کسی کے مرنے ، کھو جانے یا جدا ہوجانے کے نتیجے میں ہوتا ہے ۔اس کو ابھی پوری طرح سمجھا نہیں جا سکا ہے لیکن یورپی ہارٹ جرنل میں یہ اشارہ ملتا ہے کہ تناؤ یا دباؤ میں ذہنی ردعمل اس میں اپنا کردار ادا کرتا ہے ۔زیورخ یونیورسٹی میں ڈاکٹر جلینا غادری اور ان کے ساتھیوں نے شکستہ دل سنڈروم والے 15 مریضوں کے دماغ کی جانچ کی کہ ان کے دماغ میں کیا ہوتا ہے ۔ان کے دماغ کے سکین کا مقابلہ جب 39 صحت مند افراد کے سکین سے کیا گیا تو واضح فرق نظر آیا۔اس میں دماغ کا جو حصہ جذبات اور غیر حساس یا جسم کے خودکار رد عمل جیسے دھڑکن وغیرہ کو کنٹرول کرتا ہے اس حصے سے بہت کم مواصلات دیکھے گئے ۔دماغ کے یہ حصے وہ ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ دباؤ کے ردعمل کو کنٹرول کرتے ہیں۔