ملکی سول سروس کو عالمی سطح سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اصلاحات ناگزیر: وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملکی سول سروس کو بین الاقوامی معیار اور عالمی سطح کی کارکردگی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مجوزہ سول سروسز اصلاحات اور وزارتوں میں کارکردگی کی جانچ کے نظام کی سفارشات پرجائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی سیکرٹریز کی کارکردگی جانچنے کے لیے جامع اور موثر نظام کی سفارشات مرتب کی جائیں۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی تحسین سول سروسز کی مجموعی بہتری کے لیے نہایت ضروری ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متعلقہ کمیٹی ملکی سول سروس میں ارتقائی مگر موثر اور جامع اصلاحاتی سفارشات جلد از جلد مرتب کرے۔
انہوں نے کہا کہ افسران کی کارکردگی کی جامع جانچ کی بنیاد پر ان کی ترقی، مالی فوائد اور دیگر سہولیات کے نظام کی سفارشات کو مرتب کیا جائے۔
.jpg)
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی سول سروس میں اصلاحات کا مطمع نظر موثر عوامی خدمت اور سہولیات کی فراہمی کی بدولت عوام کی زندگی میں واضح بہتری کو یقینی بنانا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معاشی آسودگی اور سماجی ہم آہنگی ترقی و خوشحالی کے لیے ہمہ جہت سول سروس اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سول سروس کی مجوزہ اصلاحات میں سول انتظامیہ، تمام سروسز اور گروپس کے سٹیک ہولڈرز سے بامعنی مشاورت کی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملکی سول سروس کسی بھی ملک کی گورننس اور عوامی فلاح و بہبود کا بنیادی ڈھانچہ ہوتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ افسران کی کارگردگی اور قابلیت کو دور حاضر کے عصری تقاضوں اور عالمی سطح کے معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیۓ خصوصی سفارشات مرتب کی جائے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ سول سروسز اصلاحات کے لیے قائم کردہ کمیٹی ایسی سفارشات تجویز کریں جو قابل عمل اور دیر پا اور موثر عوامی سہولت کا باعث بنے۔