انسانی ہڈیاں خطرے میں خاص مددگارہارمون خارج کرتی ہیں
ہم جانتے ہیں کہ خوف اور خطرے کی صورت میں دل دھڑکتا ہے
نیویارک(نیٹ نیوز)ہم جانتے ہیں کہ خوف اور خطرے کی صورت میں دل دھڑکتا ہے ، بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ پورے بدن کی ہڈیاں بھی ایک ہارمون خارج کرکے ہمیں اس صورتحال کا سامنا کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ہڈیوں سے خارج ہونے والا یہ ہارمون ہماری پوری ہڈیوں سے خارج ہوکر لاشعوری طور پر ہمیں چوکنا کرتا ہے کہ آیا یہاں سے بھاگنا ہے یا پھر مقابلہ کرنا ہے ۔کولمبیا یونیورسٹی کے سائنسداں پروفیسر جیرارڈ کارسینٹی اور ان کے ساتھیوں نے انسانی ہڈیوں سے خارج ہونے والا ایک نیا ہارمون دریافت کیا ہے جسے ’’آسٹیو کیلسن‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور وہ ہماری جسمانی حرکات کو منظم کرنے کا کام کرتا ہے ، اس طرح ہمارا جسم پورے ڈھانچے سمیت مزید منظم اور چوکنا ہوجاتا ہے ۔ویسے ہم جانتے ہیں کہ خوف یا خطرے کی صورت میں خون میں شکر کی مقدار بڑھتی ہے اور جسمانی درجہ حرارت بھی بڑھ جاتا ہے جس کا مقصد ہمارے عضلات اور پٹھوں کو مقابلہ کرنے یا پھر دوڑنے کیلئے تیار کرنا ہے ۔ ہم یہ سمجھتے رہے کہ انسانی دماغ سے خاص ایڈرینل ہارمون خارج ہوتے ہیں جو پورے جسم تک جاتے ہیں لیکن اب اس میں ہڈیوں کے ہارمون بھی شامل ہیں۔