"AIZ" (space) message & send to 7575

ساتویں پارے کا خلاصہ

ساتویں پارے کے شروع میں اللہ تعالیٰ نے نرم دل اورایمان شناس عیسائیوں کی جماعت کا ذکر کیا ہے کہ جب ان کے سامنے اللہ کے کلام کی تلاوت کی جاتی ہے تو حقیقت کو پہچاننے کی وجہ سے ایسے لوگوں کی آنکھوں سے آنسوئوں کی جھڑیاں لگ جاتی ہیںاور وہ لوگ حق کو پہچاننے کے بعد اس کو قبول کر لیتے ہیں‘ وہ کہتے ہیں؛ اے ہمارے رب ہم ایمان لائے‘ ہمارا نام بھی (اسلام کی)گواہی دینے والوں میںلکھ دے ۔قرآن مجید کی یہ آیت اس وقت نازل ہوئی جب کفار کے شر سے بچنے کیلئے مسلمان حبشہ کی طرف ہجرت کرجاتے ہیں ‘کافر مسلمانوں کے بارے میںحبشہ کے بادشاہ کو اکسانے کی کوشش کرتے ہیں۔حبشہ کا نرم دل عیسائی بادشاہ نجاشی جناب جعفر طیار ص کی زبان سے قرآن کی تلاوت سنتا ہے تو اس کی آنکھوں سے آنسوبہنا شروع ہوگئے اور اُس نے اپنا شمار اسلام کی گواہی دینے والوں میں کروالیا ۔ساتویں پارے میں اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان کو مخاطب ہو کر کہا کہ اُنہیں پاک چیزوں کو اپنے اوپر حرام نہیں کرنا چاہیے اور اللہ تعالیٰ کے پاک رزق کو کھانا چاہیے اور اس سے ڈرتے رہنا چاہیے ۔اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے یہ بھی بیان فرمایا کہ اللہ تعالیٰ انسان کی بلا ارادہ کھائی گئی قسموں پر مواخذہ نہیں کرتے‘ لیکن جب کسی قَسم کو پوری پختگی سے کھایا جائے ‘تو ایسی صورت میں انسان کو اس قَسم کو پورا کرنا چاہیے۔ اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے ان آیات کا نزول فرمایا ہے‘ جن میں صراحت سے شراب کو حرام قرار دیا گیاہے۔اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں: ''اے ایمان والو بے شک شراب‘ جوا‘ بت گری اور پانسہ ناپاک اور شیطانی کام ہیں۔ پس‘ تم ان سے بچو‘ تاکہ کامیاب ہوجائو‘ بے شک شیطان جوئے اور شراب کے ذریعے تمہارے درمیان دشمنی اور عداوت پیدا کرنا چاہتا ہے اور تمہیں اللہ کی یاد اورنماز سے روکنا چاہتا ہے تو کیا تم لوگ باز آجائو گے ‘‘جب ان آیات کا نزول ہوا تو حضرت عمرص اور دیگر صحابہ کرام ث نے کہا :اللہ! ہم رک گئے۔اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے سمندری شکار کو حلال قرار دیا ہے اور حالت احرام میںخشکی کے شکار کو منع کیا ہے۔ اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے بکثرت سوال کرنے سے بھی روکا ہے۔ کئی مرتبہ کثرتِ سوال کی وجہ سے جائز اشیا ء بھی حرام ہو جاتی ہیں۔ اللہ نے اس سورت میںیہ بھی بتلایا ہے کہ عیسیٰ ں کے حواریوں نے عیسیٰں سے کہا ''کیا آپ کا رب ہمارے لیے آسمان سے دستر خوان کو اتار سکتا ہے ۔ عیسیٰ ں نے حواریوں کے اس بلا جواز مطالبے پر انہیں تنبیہ کرتے ہوئے کہا ''اللہ سے ڈر جائو اگر تم مومن ہو‘‘حواریوں نے عیسیٰ ںکی اس نصیحت کے جواب میں کہا کہ ''ہم چاہتے ہیں کہ اس میں سے کھائیں اور اپنے دلوں کو مطمئن کریں اور ہم جان لیں کہ ہمیں سچ بتایا گیا ہے اور اس پر گواہ رہیں‘‘ عیسیٰںنے حواریوں کے اصرار پر دعا مانگی: ''اے اللہ اے ہمارے پروردگار ہمارے اوپر آسمان سے دستر خوان نازل فرماجو ہمارے اول اور آخر کے لیے عید اور تیری جانب سے ایک نشانی بن جائے اور ہمیں رزق عطافرما اور تو بہت ہی بہتر رزق دینے والا ہے‘‘۔ اس دعا پر اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ''میں وہ (دستر خوان) تمہارے لیے اتاروں گا پھر جوکوئی تم میں سے اس کے بعد کفر کرے گا تو میں اس کو ایسا عذاب دوں گا جو جہان والوںمیں سے کسی کو نہیں دیا ہوگا‘‘۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اللہ اور اس کے نبی کی باتوں کو بلا چون وچراماننا چاہیے۔ جب بھی کبھی اللہ سے نشانی مانگ کر اس کے راستے کو چھوڑا گیا اللہ نے چھوڑنے والوں کو بہت برا عذاب دیا ۔
اس سورت میں اللہ نے اس بات کا بھی ذکر کیا ہے کہ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ جناب عیسیٰ ں سے پوچھیں گے کہ کیاانہوں نے لوگوں کو کہا تھا کہ ان کی اوران کی والدہ سیدہ مریم کی پوجا کی جائے ۔ عیسیٰ ں جواب میں کہیں گے یا اللہ! میں ایسی بات کیسے کہہ سکتا ہوں جسے کہنے کا مجھے حق نہیں۔ میں تو ان کو ہمیشہ یہی کہتا رہا کہ میرے اور اپنے رب اللہ کی پوجا کرو ۔انبیاء نے ہمیشہ اپنی اُمتوں کو توحید کا درس دیا ‘لیکن یہ ان اقوام کی بد نصیبی تھی کہ انبیاء کے راستے کو چھوڑ کر شرک کی دلدل میں اتر گئے ۔ 
سورۃ المائدہ کے بعد سورہ انعام ہے۔ سورہ انعام کے شروع میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ہر قسم کی تعریف اس اللہ کے لیے ہے جو زمین اور آسمان کا خالق ہے اور جس نے اندھیروں اور اُجالوں کو پیدا کیا لیکن کافر پھر بھی اس کا شریک بناتے ہیں۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے بتلایا کہ اس نے انسا ن کو مٹی سے پیدا کیا ‘پھر اس کو رہنے کا ایک وقت دیا پھر ایک مخصوص مدت کے بعد اس کو زندہ کیا جائے گا‘ لیکن انسان ہے کہ دوبارہ جی اٹھنے کے بارے میں شک کا شکار ہے۔ اس کے بعد اللہ نے اس بات کا ذکر کیا کہ اللہ ہی ہے آسمان اور زمین میں جو کہ انسان کے ظاہر اور باطن کو جانتا ہے اور یہ بھی جانتا ہے‘ جو وہ کماتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس سورت میں اپنی ملکیت کی و سعت کا بھی ذکر کیا اور ارشاد فرمایا کہ دن اور رات میں جو کچھ بھی موجود ہے ‘اسی کا ہے اور وہ سننے اور جاننے والا ہے ۔
اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے یہ بھی ارشاد فرمایا کہ اگر اللہ انسان کو کوئی گزند پہنچانا چاہیں تو اس کو کوئی نہیں ٹال سکتا اور اگر وہ اس کو خیریت سے رکھیں تو بھی وہ ہر چیز پر قادر ہیں‘ یعنی انسان کی حالت کو بدلنا اللہ کے لیے کچھ بھی مشکل نہیں۔ 
اللہ تعالیٰ نے اس سورت میں یہ بھی بتلایا کہ اہل کتاب کے صاحب علم لوگ رسول اللہ ﷺ کو اس طرح پہچانتے ہیں جس طرح کوئی اپنے سگے بیٹے کو پہچانتا ہے ‘اس کے باوجود یہ لوگ ایمان نہ لا کر اپنا ہی نقصان کر رہے ہیں۔ اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ کافروں کے طعن و تشنیع رسول اللہ ﷺ کو دکھ پہنچاتے تھے۔ اللہ نے اپنے نبی کی ڈھارس بندھاتے ہوئے کہا کہ یہ ظالم لوگ در حقیقت آپ کو نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی آیا ت کو جھٹلاتے ہیں۔ اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے اپنے علم کی وسعت کا بھی ذکر کیا کہ اللہ تعالیٰ کے پاس غیب کے خزانوں کی چابیاں ہیں اور ان کو ا س کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ خشکی اور سمندر میں جو کچھ بھی موجود ہے‘ اللہ تعالیٰ اس کو جانتے ہیں اور کوئی پتا جو زمین پر گرتا ہو‘ اللہ تعالیٰ اس کو بھی جانتے ہیں اور کوئی ذرہ جو کہ زمین کے کسی اندھیرے مقام پر پڑا ہے وہ اس کو بھی جانتے ہیں اور ہر خشک و تر سے پوری طرح واقف ہیں ۔اس پارے میں اللہ نے اس امر کا ذکرکیا ہے کہ جناب ابراہیمںنے اپنے باپ آذر اور اپنی قوم کی بت پرستی کی بھر پور طریقے سے مذمت کی ۔بت پرستی کی مذمت کے ساتھ ساتھ آپ نے اجرام سماویہ کی حقیقت کو بھی لوگوں پر کھول دیا ۔جگمگ کرتے ستارے ‘چانداور سورج کو ڈوبتے ہوئے دیکھ کر اعلان کردیا میں قوم کے شرک سے بری ہوں اور اپنے چہرے کا رخ اس ذات کی طرف کرتاہوں ‘جس نے زمین و آسمان کو بنایا ہے اور میں شرک کرنے والوں میں شامل نہیں۔ اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو حکم دیا کہ انہیں غیراللہ کے پجاریوں کو گالی نہیں دینی چاہیے کہ یہ لوگ معاذ اللہ جواب میں اللہ کو گالی دیں گے۔اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ وہ آنکھوں کو پاتا ہے‘ مگر آنکھیں اس کو دنیا میں نہیں دیکھ سکتیں ‘تاہم سورۃ القیامۃ میں اللہ تعالیٰ نے اس بات کا ذکر کیا کہ جنتی جنت میں جانے کے بعد اللہ تعالیٰ کے دیدار کی نعمت سے بھی بہرہ ور ہو نگے ۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو قرآن مجید پڑھنے ‘سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق دے ۔(آمین) 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں