"FBC" (space) message & send to 7575

ہائے رے انسان!

دنیا بدل رہی ہے ۔ ہر لحاظ سے اور بہت تیزی کے ساتھ ۔ مسلسل سیاسی و معاشی بحرانوں کے شکار او ردہشت گردی کے خلاف معرکہ زن پاکستانی معاشرے کو اس کا اندازہ نہیں ۔ 
گلوبل وارمنگ ،عالمی درجۂ حرارت میں جس اضافے کا خدشہ بار بار ظاہر کیا جاتاہے ۔ موسموں میں جو شدّت لا نے کے ساتھ ساتھ کرّئہ ارض کے برف زاروں کو پگھلاتا چلا جارہا ہے ، وہ بہت شدید ہے ۔ یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کی تحقیق کے مطابق سمندروں کے درجۂ حرارت میں چند ڈگری کے اضافے اور نتیجتاً پانی میں آکسیجن کی مقدار میں کمی سے آبی حیات سکڑنا شروع ہو چکی ہے ۔ مچھلیوں کے حجم میں کمی آرہی ہے ۔ خیر یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ آکسیجن کے بغیرسیّارئہ ارض پہ حیات پھل پھول نہیں سکتی ۔ اندازہ اس سے لگائیے کہ نزلے زکام یا کسی اور وجہ سے سانس لینے میں ذرا سی رکاوٹ ہو تو فوراً دماغ تکلیف محسوس کرتاہے ۔ اندازہ اس سے لگائیے کہ شریان پھٹ جانے یا کسی اور وجہ سے محض تین سے پانچ سیکنڈ کے لیے دماغ کو آکسیجن اور گلوکوز کی فراہمی میں تعطل پیدا ہو تو یہ فالج، کومے ، حتیٰ کہ موت کا پیغام ہوتا ہے ۔
برطانیہ کی دُرھم یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق آب و ہوا میں تبدیلی سے بکری کی ایک قسم Alpine Goatکے قد کاٹھ اور وزن میں تیز ترین کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔ 1980ء سے 2014ء کے درمیان پچیس فیصد کمی! بہت سے جانوروں میں یہ اثرات صاف دکھائی دے رہے ہیں لیکن ـظاہر ہے کہ ان میں سے بعض اس معاملے میں دوسروں سے زیادہ حساس ہیں ۔ 
کیا یہ بات آپ کو عجیب لگتی ہے کہ ایک طرف توجین اور ڈی این اے کی تشریح کے ساتھ ساتھ اور دوسری طرف نینو ٹیکنالوجی پہ دسترس حاصل کرتا ہوا آدمی تخلیق کے فن میں مداخلت کی جانب بڑھ رہا ہے ۔ دوسری طرف کرئہ ارض کی آب و ہوا اورزندگی کو دوام بخشنے والی حفاظتی تہوں کی ٹوٹ پھوٹ سے تباہی کی طرف ؟ مجھے یہ سب حیران کن نہیں لگتا اور اس کی کچھ وجوہ ہیں ۔ 
زندگی ہمیشہ سے ایسی نہیں تھی ۔ اپنی ساڑھے چار ارب سال کی تاریخ میں کرئہ ارض مختلف آزمائشوں سے ، تباہی کے ادوار سے گزرتی رہی ہے ۔ آغاز میں یہ زندگی سے ایسی بھرپور ہرگز نہیں تھی ۔باقیات (Fossils)کا مشاہدہ یہ بتاتا ہے کہ جانوروںاور پودوںکی لاکھوں اقسام کا یہ حیران کن تنوّع صرف اسّی کروڑ سال پہلے وجو دمیں آیااور 53کروڑ سال پہلے یہ اپنے عروج پہ پہنچا۔ سائنسی حلقوں نے اس زمانے کو (Cambrian Explosion)کا خاص نام دے رکھا ہے ۔53کروڑ سال پہلے جانداروں کی اقسام میں اس اچانک تیز رفتار اضافے کو ڈارون مخمصے (Darwin Dilemma)کا نام بھی دیا جاتاہے ۔اس لیے کہ یہاں چارلس ڈارون کے نظریات کی نفی ہوتی ہے ۔ اس انگریز ماہرِ ارتقا ء نے زندگی کی نشو و نما کا جو تصور پیش کیا تھا، اس میں وہ رفتہ رفتہ ، آہستہ آہستہ قدم آگے بڑھاتی ہے جب کہ ہمارے پاس موجود ثبوت اور شواہد یہ ہیں کہ اس موقعے پر جانداروں کی اقسام میں ایک ایسا تیز رفتار اضافہ ہوا تھا، جسے ایک دھماکے سے تشبیہ دی جا سکتی ہے ۔ یہ کیسے اور کیونکر ہوا تھا، اب تک حتمی رائے اس پر نہیں دی جا سکی۔ مغربی محققین نے ا س پر مختلف نظریات پیش کیے ۔ فضا میں آکسیجن کی مقدار میں بے انتہا اضافہ بھی ان کا حصہ ہے ۔ بہرحال یہ سلسلہ اب تک جاری ہے ۔ 
زندگی تباہ ہوتی رہی ہے ۔ جانداروں کی باقیات کے مشاہدے سے ان ادوار کا درست تعین کیا جا چکا ہے ۔ وجوہ پہ حتمی اتفاق شاید کبھی نہ ہو سکے گا۔ اپنی آنکھوں سے ہم اس زمانے کو نہیں دیکھ سکتے اور گزرے زمانوں نے بہت سے آثار مٹا ڈالے ہیں ۔ 51کروڑ سال پہلے کا زمانہ بڑے پیمانے پہ زندگی کی ہلاکت کا دور (Mass extinction event)مانا جاتا ہے ۔ زندگی نے دوبارہ قرار پکڑا اور زمانوں تک وہ ہنستی رہی ۔ پھر آج سے پچیس کروڑ سال پہلے کرئہ ارض کی تاریخ کا مہلک ترین دور نمودار ہوا۔ اسے پرمین دور (Permian mass extinction)کہتے ہیں ۔ اس حادثے نے (جو بھی اس کی وجوہ تھیں ) جانداروں کی 70سے 90فیصد اقسام کو سرے سے ختم کر ڈالا۔ لاکھوں سال بعد حیات واپس اپنے جوبن میں لوٹ سکی ۔ کہا جاتاہے کہ اسی سانحے کے بعد کرئہ ارض کی تاریخ کے خوفناک ترین جاندار ڈائنا سار وجود میں آئے۔
ساڑھے 9کروڑ سال پہلے ایسا ہی ایک او رواقعہ پیش آیا۔ کہا جاتاہے بڑے پیمانے کی آتش فشانی نے سمندری حیات کو بڑی حد تک ختم کر ڈالا(آج کے انسان کے لیے یہ واقعہ بڑا خوش آئند ثابت ہوا کہ کروڑوں سالوں میں جانداروں کی انہی باقیات نے پھر تیل اور گیس کے بڑے ذخیروں کا روپ دھار لیا۔ ساڑھے چھ کروڑ سال پہلے کے اس واقعے کو تو آپ بخوبی جانتے ہیں ، جب دس مربع کلومیٹر کی ایک چٹان میکسیکو کے علاقے چک ژولب میں آگری۔ اس سے جو گڑھا پیدا ہواوہ 180کلومیٹر طویل اور 20کلومیٹر چوڑا تھا۔ آج کے انسان کے لیے یہ واقعہ بھی بڑا مبارک تھا کہ دھماکوں ، زلزلوں او رسونامیوں کے نتیجے میں ڈائناسار ختم ہو گئے ۔ آج سے چالیس ہزار سال قبل سے دس ہزار سال پہلے کے دور میں شمالی امریکہ کے پچاس فیصد میمل ختم ہو گئے ۔ (میمل جانوروں کی وہ قسم ہے ، جس میں چار ٹانگوں والے جاندار نمایاں ہیں )۔ 
زمین ان برفانی ادوار سے گزرتی رہی ہے ، جس میں برف پورے کرئہ ارض کو ڈھانپ لیا کرتی ۔ ابھی دس ہزار سال پہلے ہی تو آخری برفانی دور (Ice Age)ختم ہوا ہے ۔ اسی کے بعد جدید انسانی تہذیب کا آغاز ہوا۔ کہنے کی بات یہ ہے کہ عالمی سطح پر آتش فشانی ، برفانی ادوار ، آسمان سے برستے پتھروں اور آب وہوا میں تیز رفتار تبدیلیوں سے جاندا ر ہمیشہ سے مٹتے چلے آئے ہیں ۔
یہ ایک دائمی داستان ہے ۔ یہ ایک طے شدہ کہانی ہے ، جو اپنے سکرپٹ کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے لیکن پہلی بار ہے کہ جانوروں میں سے ایک اپنے خاتمے کے خوف سے کانپ رہا ہے ۔ اس خوف کا سبب ذہانت ہے ۔ آگاہی جہاں لذت اور احساسِ برتری کا سبب بنتی ہے ، وہیں بعض اوقات یہ ہمیں سہمے ہوئے چوہے میں بدل ڈالتی ہے ۔ مستقبل کے عظیم حادثات کو ہم اپنے ادنیٰ وسائل اور ٹیکنالوجی کے بل پہ روکنا چاہتے ہیں ۔ ہائے رے انسان !

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں