"FBC" (space) message & send to 7575

اُس نے کہا…!

اُس روز اُس نیم تاریک کمرے میں ‘ میں اسے دیکھتا رہا‘ اس کی بات سنتا رہا۔ وہ ہم دوستوں میں عقل اور علم کااستعارا ہوا کرتا تھا‘ لیکن اُ س روز وہ بے حد تلخ ہو رہا تھا۔
اُس نے کہا ''دوسروں کی طرح تم بھی مجھے آزاد سمجھتے ہو۔ ہاں ‘ میرے بدن پر لوہے کا کوئی قفل موجود نہیں‘ لیکن میں نادیدہ زنجیروں میں جکڑ دیا گیا ہوں ۔ ایک وقت تھا‘ جب میں اپنی مرضی سے رات کے ایک پہر میں سوجایا کرتا تھا۔ آج میں اس وقت سوتا ہوں ‘ جب تھکن کا مارا دماغ مزید جاگنے سے انکار کر دیتا ہے ۔ایک وقت تھا‘ جب میں بہت سوچ سمجھ کر اپنے دوستوں اور دشمنوں کا انتخاب کیا کرتا تھا۔ اس انتخاب کی بنیاد برسوں کی آشنائی پہ استوار ہوا کرتی تھی ۔ آج سوشل میڈیا پہ وہ لوگ میرے دوست اور دشمن بن چکے ہیں ‘ جن سے پوری زندگی میری ملاقات تک نہیں ہوئی ۔ میری طرح شاید انہیں بھی اس بات کا علم نہیں کہ ہم سب کی ڈوریاں تو کسی اور ہاتھ میں ہیں ۔ وہ لوگ مجھے میری سالگرہ کی مبارکباد دیا کرتے ہیں ‘جنہوں نے آج تک ایک دفعہ بھی مجھ سے ملاقات نہیں کی‘ بلکہ میں یقین سے یہ بھی نہیں کہہ سکتا کہ وہ لوگexistبھی کرتے ہیں یا نہیں ...اور میرے حقیقی رشتے دار مجھ سے دُور ہو چکے ہیں ۔ ‘‘
اُس نے کہا ''کبھی میں گوشہ ٔ عافیت میں زندگی بسر کیا کر تا تھا ۔ آج میرا ایک ایک لمحہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔میرا موبائل فون اور لیپ ٹاپ میراقیمتی وقت ضائع کرنے والے آلات بن چکی ہیں ۔ کبھی میں خوب سوچ بچارکیا کرتا تھا۔ آج میں ذرا بھی یکسوئی سے کوئی کام نہیں کر سکتا۔یہ موبائل اور لیپ ٹاپ استعمال کرتے ہوئے ‘ میں خود کو نشئی محسوس کرتا ہوں۔ کبھی میں احتیاط سے گاڑی چلایا کرتا تھا۔ آج میری ایک آنکھ سٹیئرنگ اور دوسری موبائل پہ گڑی ہوتی ہے ۔میں بخوبی جانتا ہوں کہ میرا وقت بہت تیزی سے ضائع ہوتا چلا جا رہا ہے ۔صحت اور جوانی کے قیمتی لمحات میرے ہاتھ سے پھسلتے جا رہے ہیں ۔اور اگر یہی حال رہا ‘تو میں سبکدوش ہونے سے قبل کوئی بھی قابلِ ذکر کام نہ کر سکوں گا ۔‘‘ 
اس نے کہا '' میرا موبائل مجھ سے وہ کا م بھی کرواتا ہے ‘جو میں ہرگز نہیں کرنا چاہتا۔ ایک دن میرے بیٹے نے اس موبائل میں ایک گیم ڈائون لوڈ کر دی۔ ساتھ ہی وائرس آگیا۔ اب ہر دس منٹ بعد اس پر مختلف کمپنیوں کے اشتہار موصول ہوتے رہتے ہیں ۔ یہ فون کو ہینگ کر دیتے ہیں ۔اس دوران آواز کٹنے لگتی ہے اور میں 'ہیلو‘ ہیلو‘ کرتا رہ جاتا ہوں ۔اب اس کے علاوہ اور کوئی حل نہیں کہ میں اپنا سارا ڈیٹا کہیں محفوظ کروں ۔ پھر موبائل سے سب کچھ ختم کروں اور پھر نئے سرے سے اپنا ڈیٹا واپس ڈالوں ۔ یہ صرف کوئی ایک مثال نہیں ۔ موبائل بنانے والی کمپنی‘ اس کا آپریٹنگ سسٹم بنانے والوں ‘ ای میل اور دوسری ایپس میں ایکا ہو چکا ہے۔ مجھے پیغامات موصول ہوتے ہیں کہ آپ کے فلاں ای میل contactکی آج سالگرہ ہے ‘ اسے wishکیجیے ۔ بھلا میں کیوں انہیں wishکروں‘ جن کا چہرہ آج تک میں نے دیکھا ہی نہیں ؟ ‘‘۔
اُس نے کہا '' میرے بچے مجھ سے بڑے نشئی بن چکے ہیں ۔ وہ سار ادن پاگلوں کی طرح موبائل میں گیمز ڈائون لوڈ کرتے رہتے ہیں ؛حتیٰ کہ جھولوں پر بیٹھ کر بھی موبائل میں مگن رہتے ہیں ۔ وہ کھیلتے کودتے بھی نہیں ۔ وہ پڑھتے ہیں اور نہ سوچتے ہیں ۔مجھے وہ زندہ لاشوں کی مانند دکھتے ہیں ۔ 
اس نے کہا ''اور میرا لیپ ٹاپ؟ میں جس ویب سائٹ کو کھولتا ہوں ‘ جسproduct کے بارے میں معلومات حاصل کرتا ہوں ‘ اگلے کئی ہفتوں تک مسلسل اس شے کو بنانے والی کمپنیوں کے اشتہار موصول ہوتے رہتے ہیں ۔ ‘‘
اُس نے کہا '' 24گھنٹوں کے درمیان جتنا وقت بھی میں بیدار رہتا ہوں ‘ اس دوران میری آنکھوں نے کیا دیکھنا ہے اور دماغ نے کیا سوچنا ہے ‘ میرے معدے میں کیا جانا ہے ‘ اس سب کا فیصلہ اب میرے ہاتھ میں نہیں رہا ۔میں کھاتا جا رہا ہوں ‘ پھیلتا جا رہا ہوں ۔ کبھی مجھے ایسا لگتاہے‘ جیسے میں کسی ڈیرے پر بندھا ہوا ایک جانور ہوں ‘ جس کا مالک اس کا وزن بڑھاتا جا رہا ہے ۔ ‘‘ 
اس نے کہا ''کبھی میں صاف گو ہوا کرتا تھا۔ آج میں انتہائی ریاکار بن چکا ہوں ۔موجودہ وزمانے میں ہر چیز چونکہ ریکارڈڈ ہو چکی ہے ۔ قربانی سے لے کر عمرہ تک ‘ میں اپنی ایک ایک نیکی کے ایک ایک لمحے کی تصویر بنا کر نیٹ پر لگا تا رہتا ہوں ۔اگر میں کبھی کسی کی مدد کروں تو نوٹ اس کے ہاتھ میں دیتے ہوئے اس کے شرمسار چہرے کی بھی وڈیو بنا لیتا ہوں ۔ سچ پوچھو تو میں ہمیشہ یہی سوچتا رہتا ہوں کہ لوگ کیا سوچیں گے ‘ لوگ کیا سوچیں گے ۔ مقابلے کی ایک فضا بن چکی ہے ۔ میرے عزیز رشتے دار اپنی نیکیاں پیش کرتے رہتے ہیں ؛لہٰذا مجھ پر بھی اپنی نیکیاں پیش کرنے کا دبائو ہمیشہ موجو درہتا ہے ۔‘‘
اُس نے کہا ''میری مصروفیات کا تعین دوسرے لوگ کرتے ہیں ۔بڑے بڑے گروپس میں ‘ دوسروں کے ساتھ مل کر میں ان لوگوں کا مذاق اڑانے میں مصروف رہتا ہوں ‘ جن سے میں کبھی ملا تک نہیں ۔ ہو سکتاہے کہ وہ شرفا ہوں ۔ ہم سب ہر وقت اپنے موبائل فون اٹھا کر گھومتے رہتے ہیں۔ایک دوسرے کی ریکارڈنگ کرتے رہتے ہیں ‘جس کی بنیاد پر بعد میں ایک دوسرے کو شرمندہ کیا جا سکے ۔ ہم سب ہمیشہ کوئی نہ کوئی سکینڈل پیش کرنے کے موڈ میں ہوتے ہیں ۔ اس کوشش میں ہمیشہ لڑائی مار کٹائی کا ماحول بنا رہتا ہے ۔ــ‘‘
''لیکن ‘‘ اُس نے کہا '' میں شکست تسلیم نہیں کروں گا ‘‘وہ اندھیرے سے نکل کر روشنی میں آیااور میں اسے دیکھ کر حیران رہ گیا۔ اُس نے ٹھیک ٹھاک وزن کم کیا تھا۔ اب اس کی ٹھوڑی خاصی چھوٹی لگ رہی تھی ۔ وہ مسکرارہا تھا۔ 
''ہاں ‘ میرے دوست‘ میں ہار نہیں مانوں گا ۔ میں کم کھائوں گا‘ سوچ سمجھ کر کھائوں گا ۔ یہ میری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ میں وزن گراتا جائوں گا ۔ ورزش ایک ایسی دلچسپ چیز ہے ‘ جو مجھے اس virtual worldسے باہر کھینچ لیتی ہے ‘ہم سب جس کے victimبن چکے ہیں ۔ میں اپنے مسلز buildکروں گا۔ میں دوڑ لگا تا رہوں گا؛حتیٰ کہ میرا جسم مشقت کی مسرت سے مسکرانے لگے۔ میں ڈیوائسز استعمال کرتا رہوں گا لیکن اپنی مرضی اور فرصت کے مطابق تاکہ اپنے زمانے میں اجنبی نہ ہو جائوں ۔ میں ان ڈیوائسز کو استعمال کرنا سیکھوں گا ۔ میں الیکٹرانک وائرس سے اس طرح لڑوں گا‘ جیسے میرا جسم حیاتیاتی وائرس کے خلاف لڑتا ہے ۔سب سے بڑی بات یہ ہے کہ میں غور و فکر کرتا رہوں گا اور دو ٹانگوں والا ایک جانور ہرگز نہیں بنوں گا ۔ ‘‘
اس بات کو کئی مہینے گزر چکے ہیں ۔ میں دوبارہ اس سے مل نہیں سکا ‘لیکن میں یہ محسوس کرتا ہوں کہ victimہم سب ہیں ۔ ہم سب نشئی بن چکے ہیں ۔ کچھ نادیدہ ہاتھوں نے ہمیں جانور بنا دیا ہے ۔ ہماری ناکوں میں نکیل ڈالے جا چکے ہیں ۔ صبح آنکھ کھلنے سے لے کر رات سونے تک‘ ہماری مصروفیات کا تعین اب ہمارے ہاتھوں میں نہیں رہا۔ ہمارے دماغوں کو غور و فکر کے لیے ایک لمحہ بھی تو میسر نہیں ۔ وہ جس کارزار میں اترا ہے ‘ ایک نہ ایک دن پوری انسانیت کو اس میں اترنا ہوگا۔ ایک نہ ایک دن‘ آج نہیں تو کل ! 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں