"DLK" (space) message & send to 7575

وطن میں جلاوطن !

موجودہ حکومت کے ترجمان وزراء آج کل بہت زور شور سے وطن پرستی کے نعرے لگا رہے ہیں ۔ عمران خان کی اس کال کو کہ وہ پورا پاکستان بند کریں گے ، پاکستان کے یہ متوالے ملک دشمنی اور وطن سے غداری قرار دے رہے ہیں ۔ ان حکمرانوں کو واقعتاً یہ وطن بہت عزیز ہے۔ جس سرمایہ دار جاگیردار طبقے سے یہ تعلق رکھتے ہیں اس کی تو اس وطن میں چاندی ہے۔ ان کے اربوں کے اثاثے ہیں ، وطن کی تمام دولت اور وسائل کی ملکیت حکمران طبقے کے قبضے میں ہے۔ دولت میں مسلسل اضافے ہو رہے ہیں ۔ سرمایہ دارانہ ریاست اس دولت اور اثاثوں کی رکھوالی اور ان میں حصہ دار بھی ہے۔ ملک کی سرزمین پر ان کا کا قبضہ ہے اور جن زمینوں پر قبضہ نہیں، ان کو زبردستی قبضے میں لے رہے ہیں ۔ زرخیز اور شاداب زمینوں پر کالونیاں ہی کالونیاں بن رہی ہیں جس سے زراعت اور صنعت کا بھٹہ بیٹھ رہا ہے۔ درمیانے طبقے کی تمام گفتگو‘ رویے اور رشتے ہر لمحے پیسے ‘کاروبار‘ پلاٹوں اور مکانوں کے گرد محدود ہو کر رہ گئے ہیں ۔ ایک کے بعد دوسری ہائوسنگ سکیم کا اجرا ہو رہا ہے ۔ چند سو پلاٹوں کی سکیم کے پلاٹوں کی ہزاروں فائلیں فروخت کردی جاتی ہیں اور لگتا ہے سبھی اس ہوس میں غرق ہو کر اس اندھی دوڑ میں شامل ہیں۔ لیکن کاروبار اور لین دین میں اس قدر دھوکہ ، فریب اور فراڈ بڑھ گیا ہے کہ شاید ہی کوئی سودا یا کوئی جائداد ایسی ہو جس پر جھگڑا نہیں ہوتا۔ ان جائدادوں کے آقائوں کی آپس میں بھی لڑائیاں اور تصادم ہوتے ہیں لیکن پھر ان میں جو سب سے زیادہ مالدار ، چالاک اورعیار ہوتا ہے وہ متعلقہ سرکاری اداروں کو اپنے کاروبار میں حصہ داربنا کر اجارہ دار بن جاتا ہے ، اپنے پھیلتے ہوئے کاروبارکو سرزمین کی دولت اور وسائل میں پیوست کردیتا ہے۔ پھر یہ اس بے بہا لوٹی ہوئی دولت کو اس طرح خیرات اور رفاہی کاموں میں تشہیر کے ساتھ استعمال کرتے ہیں کہ سماج کی نفسیاتی پستی کے عالم میں ان سے زیادہ پرہیز گار‘ غریب پرور‘ سخی اور ہمدرد کوئی نظرہی نہیں آتا ۔ ذرائع ابلاغ کو ایک سرمایہ دارانہ نظام میں سرمائے کے شکنجے سے زیادہ ریاست کی طاقت بھی نہیں جکڑسکتی۔ اور پھر ایک ایسا وقت آپہنچتا ہے کہ ان کی طاقت کو نام لے کر یا لکھ کر بے نقاب کرنا ایک ناقابلِ معافی جرم بن جاتا ہے۔
لیکن پھر عمران خان ان کے کون سے پرائے ہیں۔ ان کے تانے بانے بھی اسی طبقے سے ملتے ہیں ۔ ویسے تو جتنا بڑا لین دین ہو، جھگڑے اور تنازعے بھی اتنے ہی بڑے بن جاتے ہیں ، لیکن ہیں تو سب اسی سرمایہ دارانہ نظام کے چٹے بٹے! اور اگر اس پورے نظام کو محنت کشوں کے طبقاتی انقلاب کا خطرہ لاحق ہوجائے تو یہ منٹوں میں یکجا اور یکجان ہو جاتے ہیں ۔ اس حکمران طبقے اور اس کے نظام و سیاست کو نہ تو کسی سیکولر یا لبرل انقلاب سے خطرہ ہے اور نہ ہی کسی مذہبی انقلاب سے ان کا معاشی اور اقتصادی نظام بدل سکتا ہے۔ سود کا نام منافع رکھ دینے سے اصل کردار نہیں بدلا کرتا۔
لیکن عمران خان نے پاکستان بند کرنے کی جو کال دی وہ آخردی کس طبقے کو ہے؟ یہاں عمومی طور پر پہیہ جام اور مکمل بندش جس مفروضے کو سمجھا جاتا ہے وہ دوکانداروں اور تاجروں کا شہر بند کرنا، سڑکوں پر دھرنے دینا ، چند نوجوانوں کے گروہوں کا توڑ پھوڑ کرنا‘ آگ لگانا ‘ ٹائر جلانا وغیرہ ہوتے ہیں ۔ لیکن وطن کے متوالے سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کی دولت اور سماجی حیثیت کوکوئی خطرہ نہیں ہوتا کیونکہ اس ملک کی ملکیت انہی کے پاس رہتی ہے۔ دوسر ی جانب وہ محنت کش طبقہ ہے جس کے پاس اس ملک کی نہ دولت ہے نہ جائداد اور نہ کوئی بڑی ملکیت ۔ ان کے پاس تو صرف ان کی محنت ہے جو انہوں نے روٹی روزی کے حصول کے لیے اسے ہربازار میں نیلام کرنا ہے ۔ جب حکمرانوں کی گرفت سخت ہوجاتی ہے تو وہ محنت کو کوڑیوں کے بھائو خریدتے ہیں ، لیکن جب محنت کشوں کی باری آتی ہے تو پھر وہ اپنی محنت کی طاقت سے بنائی ہوئی اس صنعت ‘معیشت اور زرخیزی کو چھین کر اس کی انفرادی یا کارپوریٹ ملکیت کو مٹا دیتے ہیں۔۔۔۔۔ کُل دولت کو اجتماعی ملکیت اور معیشت صنعت اور زراعت کو اشتراکی جمہوری کنٹرول میں لے لیتے ہیں۔
عمران خان نے یہ کال مختلف طبقات پر مبنی''عوام‘‘ کو دی ہے جن میں امیر بھی ہیں اور غریب بھی۔ جس طرح عمران خان کی پارٹی میں بھی بڑے بڑے سرمایہ دار ہیں ، اسی طرح اس طبقے کا ایک اہم حصہ ن لیگ میں بھی ہے ؛ بلکہ آج کل تو سبھی پارٹیوں میں براجمان ہو کر اس بحرانی اور سکڑتی ہوئی معیشت میں ان کے بڑھتے ہوئے تنازعات اور لڑائیوں کو جیتنے میں یہ سیاسی سرکس کھیل رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ حکمران، پارٹیاں اور وفاداریاں بدلنے میں ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کرتے کیونکہ ان کی سیاست نظریات پر مبنی نہیں ہوتی ، مزید دولت کے حصول کے لیے ہوتی ہے۔ لیکن شہر ایسے بند نہیں ہوتے۔ محنت کشوں کا انقلاب میں فیصلہ کن کردار اسی لیے ہوتا ہے کیونکہ وہ ہر پہیہ کو چلاتے ہیں۔ فیکٹریوں سے پیداوار کرتے ہیں اور زمین سے سونا اگلواتے ہیں‘ ٹیلی کمیونیکیشنز سے لے کر بجلی تک کی ترسیل اور پیداوار انہی کے ہاتھوں میں ہوتی ہے۔ جب اس طبقے کو اپنی طاقت اور دشمن طبقات کے کردار کی پہچان ہوجاتی ہے تو پھر وہ اپنی روزہ مرہ کی کارروائی بند کردیتے ہیں ۔ جب وہ یہ کام مل کر کرتے ہیں تو پورا ملک بند ہوجاتا ہے ، نہ کوئی گاڑی چل سکتی ہے نہ کوئی فون کی گھنٹی بجتی ہے اور نہ کوئی جہاز اڑسکتا ہے بلکہ پورا معاشرہ جام ہوجاتا ہے۔ 18فروری 1969 ء کو اسی طرح محنت کشو ں نے پاکستان بند کردیا تھا اور اس ملک کا طاقتور ترین حکمران فیلڈ مارشل ایوب خان حاکمیت سے دستبردار ہونے پر مجبور ہوگیا تھا۔ لیکن اپنی آخری نشری تقریر میں اس نے اعتراف کیا تھا کہ ''آج اس ملک کی تقدیر کے فیصلے پارلیمانوں اور حکومت کے ایوانوں میں نہیں ہورہے بلکہ گلیوں ‘ بازاروں‘ فیکٹریوں اور کھیتوں کھلیانوں میں ہورہے ہیں۔
عمران خان اگر محنت کش طبقے کے ہراول کردار کو پکارتا تو اس کو اتنا آگے جانا پڑ سکتا تھا کہ پھر لوٹ کر اپنے ان نظریات ، اس طبقے اور اس نظام سے ہر ناتا ٹوٹ جاتا ۔ اس لیے پچھلے سو سے زائد دنوں میں جو کچھ ہوتا آیا ہے وہی جاری رہے گا ۔ مذاکرات بنتے اور بگڑتے رہیں گے ، شاید حکومتیں بھی بدل جائیں۔ اب تک حکمرانوں کے کتنے چہرے‘ کتنی حکومتیں بدلی ہیں لیکن محنت کش عوام کے حالات نہیں بدلے۔ ان اذیت ناک حالات کو یکسر بدلنے کے لیے ان کو پورا نظام بدلنا ہوگا۔ کسی نام نہاد سیاسی جدوجہد کے ذریعے نہیں ایک طبقاتی جدوجہد کے ذریعے۔ ایسی تحریک کے ابھار میں وطن دشمنی وغیرہ کے الزامات بھی بے معنی ہوجاتے ہیں ۔ جس ملک کی ملکیت اور حاکمیت ان سرمایہ دار وڈیروں اور لٹیروں کے پاس ہے اس سے محنت کشوں کی محب وطنی کیسی؟ جہاں ان کو غربت ‘ افلاس ‘ بھوک ‘ تنگ ‘ بیماری ‘ بیروزگاری ‘ تشدد ‘ استحصال ‘ ظلم اور ذلت ہی ملتی ہو۔ ایسے وطن سے ان کا رشتہ بھلا کیسے بن سکتا ہے۔ جب یہاں نظام بدلے گا تو پھر اس وطن سے ان کا رشتہ بھی بنے گا ۔ یہ محنت کش طبقات بھاری اکثریت میں ہونے کے باوجود بھی اس جابر سرمایہ دار طبقے کے ظلم کے باعث وطن میں بھی جلا وطن ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں