"DLK" (space) message & send to 7575

بیرونی سرمایہ کاری:تریاک یا زہر

1944ء کے ' بریٹن ووڈز‘ معاہدے کے بعددنیا کے مختلف ممالک خصوصاً سابقہ نوآبادیاتی ممالک میں سامراجی ملٹی نیشنل کارپوریشنوں کاپھیلاؤ زیادہ جارحانہ ہوا ہے۔عالمی سرمایہ دارانہ طاقتوں کے درمیان ہونے والے اس معاہدے میںسرمایہ کاری اور منافع خوری میں بڑھوتری کے لیے آئی ایم ایف‘ورلڈ بینک اور گیٹ ‘جو بعد میں عالمی تجارتی تنظیم' WTO‘بنی ‘جیسے نئے مالیاتی اور تجارتی ادارے تشکیل دیئے گئے۔ان اداروں کا کام غیر ترقی یافتہ کمزورسرمایہ دارانہ ممالک میں سامراجی لوٹ مار اور پیسے کی منتقلی کو آسان بنانا تھا۔جس کے لیے قرضوں کو وارادت عمل میں لائی گئی۔تجارتی اور مالیاتی خساروں نے ان غریب ممالک کی بدعنوان حکومتوں کو مجبورکیا کہ وہ سامراجی اداروں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مطیع ہو جائیں۔
جنوب ایشیائی بر صغیر جیسے سابقہ نوآبادیاتی ممالک کے لیے سرمایہ دارانہ سماجی و معاشی نظام کے اندر رہتے ہوئے سامراجی اداروں کے اس غلبے کے خلاف مزاحمت کرنا ناممکن تھا۔بھارتی حکمران طبقے نے'نہرو‘کی قیادت میں سوویت یونین کے ساتھ تجارت کے ذریعے مزاحمت کرنے کی کوشش کی‘ لیکن بالآخر کانگریسی حکومت کے وزیراعظم 'نرسیمارائو‘ کو ہتھیار ڈالنا پڑے اور ورلڈ بینک کے سابقہ ملازم'منموہن سنگھ‘کو وزیرخزانہ تعینات کرنا پڑا۔ اُس وقت سے بھارت کی معاشی شرح نمو میں تیزی سے اضافہ تو ہوا ہے‘ لیکن ساتھ ہی غربت میں بھی بے تحاشا اضافہ دیکھنے کو ملا‘جبکہ بھارت میں جاپان سے بھی زیادہ اَرب پتی افراد موجود ہیں۔دنیا کی غربت کا سب سے بڑا ارتکاز بھی بھارت میں ہے۔تب سے ہی کانگریس اور بی جے پی سمیت تمام حکومتیں اسی معاشی نسخے پر عمل پیرا ہیں۔ہندو بنیادپرستی کا اقتدار میں آنا بھارتی قومی بورژوازی کی ناکامی اور اس کی ترقی پسندی‘ جمہوریت اور سیکولرازم کے ڈھونگ کو بے نقاب کرتی ہے۔
پاکستان میں شروع شروع میں محصولات اور تجارتی کنٹرول ہوا کرتا تھا ۔جس میں لگژری مصنوعات کی درآمد کی محدود اجازت ہوتی تھی۔1970ء کی دہائی کے اواخر تک یہ پالیسی چلتی رہی‘تاہم جنرل ضیا کی وحشیانہ آمریت کے دور میں ریگنامکس‘ تھیچرازم اور نیولبرل معاشیات کی آمد کے ساتھ ہی ریاستی کنٹرول کا یہ معاشی نسخہ اپنے اختتام کو پہنچا۔بے نظیر اور نواز شریف کی 'جمہوری‘حکومتوں کے دوران یہ عمل زیادہ تیز ہوا۔اسی وقت سے ہی معاشی تبدیلی اور روزگار کی تخلیق کا سب سے پسندیدہ نسخہ 'براہ راست بیرونی سرمایہ کاری‘ہے۔یہ آئی ایم ایف‘ورلڈ بینک اور دوسرے سامراجی اداروں کا ایسا نسخہ ہے‘ جس کی مغربی یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل پاکستانی معاشی ماہرین غلامانہ انداز میں پیروی کرتے ہیں۔عمران خان کی نئی حکومت کی معاشی پالیسی کا اہم ستون یہی نسخہ ہے۔
موجودہ سیاسی سیٹ اپ میں تمام حاوی پارٹیوں کے پاس معاشی بحالی‘ غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کے لیے یہی ایک معاشی نسخہ ہے۔سرمایہ داری کی حدود میں رہتے ہوئے عالمی منڈی اور سامراجی اجارہ داریوں میں جکڑ ی اس معیشت کے لیے یہ حکمران سیاست دان کچھ خاص نہیں کرسکتے۔مقامی بدعنوان حکمرانوں کے گٹھ جوڑ میںان سامراجی کارپوریشنوں کے مالکان نے ہزاروں ارب ڈالر اینٹھ لیے ہیں‘مگرسرمایہ داری کی اساس منافع نہیں‘ بلکہ شرح منافع ہے۔ان کارپوریشنوں نے محنت کشوں کا خون پسینہ نچوڑ کر دولت کے انبار لگائے ہیں‘لیکن ان پیاس بجھے نہیں بجھتی اور ان کے ماہرین قدر زائد نچوڑنے کے لیے نئے طریقہ کار گھڑ رہے ہیں۔
2005ء سے سرمایہ کاری لیبر انٹینسو سے کیپٹل انٹینسوکی طرف منتقل کی گئی‘جس سے جدید ٹیکنالوجی اور روبوٹ نے محنت کشوں کی جگہ لے لی۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کے ذریعے روزگار تخلیق کرنے کی باتیں کتنی احمقانہ اور پرفریب ہیں۔اسی طرح پاکستان جیسے ملکوں میںری اسٹرکچرنگ‘ لبرلائزیشن‘ ڈی ریگولیشن اور نجکاری کی پالیسیوں کو لاگو کیاگیا۔پچھلے دس سال میںلوٹ مار کی یہ پالیسی بھی ناکارہ ہوچکی ہے۔او ای سی ڈی (OECD)کی ایک تحقیقاتی رپورٹ نے بیرونی سرمایہ کاری کی پرفریب کہانی کا خلاصہ کیا ہے کہ ‘ ''براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے بارے عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ یہ روزگار‘ پیداوار‘ نئی فیکٹریوں کی تعمیر اور ٹیکنالوجی لاتی ہے‘لیکن اب پچھلے کچھ سال سے یہ نہیں ہو رہا۔‘‘ بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی کارپوریٹ اسٹرکچر کی بڑھتی ہوئی پیچیدگی کی وجہ سے اب سرمایہ کاری کو زیادہ 'محفوظ‘ شعبوں کی طرف منتقل کیا گیا ہے۔
2008ء کا کریش اور منڈیوں کے سکڑائو کی وجہ سے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے منافعوں پر شدید اثرات مرتب ہوئے۔کارپوریشنیںبے تحاشا ٹیکس چوری کررہی ہیںاورکھربوں ڈالر چھپا رہی ہیں ‘کیونکہ بیرونی سرمایہ کاری سے ملنے والی متوقع شرح منافع کے بارے میں مالکان شکوک و شبہات اور ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔جس سے تقریباً نصف صدی سے عالمی معاشی اور مالیاتی ہیرپھیرکو منظم کرنے والے سامراجی اداروں میں خطرے کی گھنٹیاں بجنا شروع ہو گئی ہیں۔آئی ایم ایف نے حال ہی میں مجرمانہ ٹیکس چوری اور بیرونی سرمایہ کاری کے نام پر کارپوریشنوں کی جانب سے کھربوں ڈالر محفوظ ٹھکانوں میں چھپانے کے بارے میں ایک تحقیقاتی دستاویز''فنانس اور ترقی‘ جون 2018ئ‘ جلد 55 نمبر 2' ٹیکس سے بچائو کے ٹھکانے کیسے کام کرتے ہیں‘‘شائع کی ہے۔اس میں لکھا ہے‘ ''نئی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں نے عالمی سطح پر 12ہزار اَرب ڈالر کی سرمایہ کای کاغذی کارپوریشنوں میںکی ہے اور مالیاتی طور پرچند غیرمستحکم اور تیل پیدا کرنے والے ممالک کے شہریوں کی 7ہزار اَرب ڈالر کی ذاتی دولت ٹیکس سے محفوظ ٹھکانوں (Tax Haven) میں پڑی ہوئی ہے۔سمندر پار صنعت اور مالیاتی دنیا انتہائی غیرشفاف ہے۔ آف شور بینکوں‘ وکلا اور ڈومیسیلیشن کمپنیوں کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات میں گہری رازداری کے باعث اس بات کا پتہ لگانا بہت مشکل ہے کہ ٹیکس کے محفوظ ٹھکانوں میں کتنے پیسے آئے؟ کہاں سے آئے اور کہاں گئے؟‘‘۔ یہ انکشافات ظاہر کرتے ہیں کہ عالمی سطح پر بیرونی سرمایہ کاری کا تقریباً 40 فیصدمکمل طور پر مصنوعی ہے ‘یہ کاغذی کمپنیوں پر مشتمل مالیاتی سرمایہ کاری ہے‘ جس میں کوئی حقیقی سرگرمی نہیں ہوتی۔ بحران کی گہرائی کے ساتھ ہی سرمایہ دارانہ نظام کی غلاظت بھی واضح ہو رہی ہے۔2008ء کے بعد سے صورتحال بدستور خراب ہے۔پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے جو چند قطرے گرے ہیں‘ محکوم محنت کشوں نے ان کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔2010ء تک پاکستان میں آنے والا ہر ایک ڈالر اپنے ساتھ 14ڈالر واپس لے جاتا تھااب یہ انخلا دُگنا ہو چکا ہے۔اس بیرونی سرمایہ کاری سے غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی ایک سراب ہے۔عمران خان کے معاشی ماہرین کے پاس اس معاشی دلدل سے نکلنے کے لیے حقیقتاً کوئی نسخہ نہیں ہے۔سرمایہ داری کی حدود میں کوئی راستہ ہے بھی نہیں۔تحریک انصاف اور دوسری پارٹیاں دراصل پاکستان کے جرائم پیشہ سرمایہ دار طبقے کے مختلف دھڑوں کی نمائندگی کرتی ہیں۔غربت‘ بیروزگاری‘ ناخواندگی‘ بیماری اور انفراسٹرکچر کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔بے تحاشا محرومی ہے۔
روس میں سوشلسٹ انقلاب کے بعد بالشویک پارٹی نے تمام قومی اور سامراجی اثاثوں اور دولت کو ضبط کر لیا تھا۔اس کے باوجود انہیں سائبیریا سے معدنیات نکالنے اور صنعتی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی ضرورت تھی‘لیکن لینن جانتا تھا کہ کارپوریٹ اجارہ داریوں کو اپنے وجود کے لیے ان ٹھیکوں کی ضرورت تھی۔اسی لیے انہوں نے سخت شرائط پر ‘ تاکہ مزدور ریاست کا ایک پیسہ بھی نہ لوٹا جاسکے‘ معاہدے کیے۔اکیسویں صدی میں ونیزویلا میں ہوگو شاویز‘ بولیویا میں ایوو مورالس اور رافیل کورایا نے‘ اگرچہ ان ممالک میں سوشلسٹ انقلاب کی تکمیل نہیں ہوئی‘ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ بالشویکوں کی طرز کے معاہدے کیے۔رجعتی سرمایہ دارانہ حکومت میں پاکستانی معیشت اور سماج مزید بحران اور انتشار کی طرف بڑھیں گے۔معیشت‘ ریاست اور سماج کی ایک سوشلسٹ تبدیلی کے بغیر یہ ملک بیروزگاری‘ بربادی اور محرومی کے اس دلدل سے نہیں نکل سکتا۔ایسی تبدیلی کے لیے بلاشبہ فی الحال ایک مارکسی قوت افق پر نظر نہیں آرہی‘لیکن تاریخ گواہ ہے کہ سوشلسٹ انقلاب برپاکرنے والی پارٹیاں انقلابی تحریکوں کے دوران ابھر آتی ہیں۔وہ وقت اب زیادہ دور نہیں!

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں