سید گیلانیؒ تیری یادیں دل میں بسی ہیں!

بعض شخصیات کسی قوم کے لیے اللہ تعالیٰ کا خاص عطیہ ہوتی ہیں۔ ایسی شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا پُر کرنے میں تاریخ کو کافی وقت لگتا ہے۔ یہ اللہ کا قانون ہے کہ یہاں جو بھی آیا‘ سب کوحتیٰ کہ ختم المرسلینﷺ کو بھی اپنے اپنے وقت پر کوچ کرنا پڑا۔ وادیٔ کشمیر میں حریت کی علامت اور بھارتی سامراج کے خلاف ننگی تلوار کی حیثیت رکھنے والے سید علی گیلانی مردِ میدان تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی ایسے جذبے اور جنون کے ساتھ گزاری کہ ان کی یادیں دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی اور مظلوم کشمیریوں کو میدانِ جہاد میں ڈٹے رہنے کا درس یاد کراتی رہیں گی۔ اقبالؔ کے الفاظ میں سید علی گیلانی نے علی الاعلان پوری دنیا کو بتا دیا کہ ان کا مشن یہ ہے:
خرد کی گتھیاں سلجھا چکا میں
مرے مولا مجھے صاحب جنوں کر!
یکم ستمبر 2021ء کو عالم اسلام کے معروف ترین قائد جناب سید علی گیلانیؒ 92سال کی عمر میں دنیا کے مصائب و مشکلات سے نجات پا کر اللہ کی وسیع جنتوں میں چلے گئے۔ سید علی گیلانیؒ تاریخ میں حریت کا استعارہ بن چکے ہیں۔ کبھی کسی آزمائش میں حوصلہ ہارا نہ ہتھیار ڈالے۔ وہ صحیح معنوں میں اللہ کے شیر تھے۔ آج کشمیر میں بچہ بچہ آزاد ی کے لیے جان قربان کرنے کا جذبہ اپنے دل میں لیے غاصب اور ناپاک بھارتی فوجوں کے خلاف سینہ سپر ہے۔ سید علی گیلانیؒ جب بھی زبان کھولتے تھے تو ایک ایک لفظ تول کر یہ پیغام دیتے تھے کہ حق کا غلبہ اللہ تعالیٰ نے مقدر کر رکھا ہے اور باطل کو بالآخر مٹنا ہے۔ اس منزل تک پہنچنے کے لیے قربانی دینا لازمی ہوتا ہے۔ منزل کب آئے گی‘ یہ اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے، مگر بندۂ مومن کو یقین رکھنا چاہیے کہ وہ منزل ضرور آئے گی۔
سید علی گیلانیؒ کی وفات سے چند روز قبل سرزمین افغانستان پر امریکہ کی سربراہی میں 54ملکوں کی افواج جس عبرت ناک شکست سے دوچار ہوئی تھیں وہ دنیا بھر کے حریت پسندوں کے لیے ایک عظیم الشان مثال تھی۔ اس موقع پر سید علی گیلانیؒ نے جہاں افغان مجاہدین کو مبارک باد دی تھی اور ان کی اگلی منازل میں کامیابی کے لیے دعا دی تھی وہیں انہوں نے اہلِ کشمیر کو بھی یہ پیغام دیا تھا کہ ظلم مٹ کر رہے گا اور شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ 92سال کی عمر میں بے شمار عوارض اور بیماریوں کے ساتھ اس مرد مجاہد کا حوصلہ اتنا بلند تھا کہ اسلاف صالحین کی یادیں تازہ ہو جاتی تھیں۔ سید علی گیلانی سے بالمشافہ کبھی ملاقات کا شرف حاصل نہ ہوا، مگر ان سے فون پر کئی بار ہم کلام ہونے کا موقع ملا۔ کشمیری لہجے میں ان کی میٹھی باتیں آج بھی دل میں محفوظ ہیں۔ پاکستان میں ہمارے کئی پروگراموں میں سید علی گیلانی نے ٹیلی فون پر خطاب کیا یا اپنا پیغام ریکارڈ کر کے ارسال کیاجس نے سامعین کو ہمیشہ حوصلہ دیا کہ مقبوضہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہو کر رہے گا۔
عظیم لوگوں کی زندگی ہمیشہ جدوجہد سے عبارت ہوتی ہے۔ سید علی گیلانیؒ وادیٔ کشمیر کے ایک چھوٹے سے گائوں زُوری منز تحصیل بانڈی پورہ میں 29ستمبر 1929ء کو ایک سید گھرانے میں پیدا ہوئے۔ آزادیٔ کشمیر کی طرح آزادیٔ فلسطین کے لیے بھی اللہ کے شیروں نے بے مثال قربانیاں دے کر لازوال تاریخ مرتب کی ہے۔ تحریک آزادیٔ فلسطین حماس کے عظیم اور بزرگ رہنما شیخ احمد یاسینؒ شہید فالج زدہ تھے، نچلا دھڑ مکمل طور پر مفلوج ہو گیا تھا۔ اس کے باوجود وہیل چیئر پر تحریک کی قیادت کرتے رہے۔ ظالم اور بزدل یہودیوں نے جنگی طیاروں سے بمباری کر کے اس عظیم شخصیت کو شہید کر دیا تھا۔ سید علی گیلانیؒ کو شیخ احمد یاسینؒ سے خاص نسبت تھی۔ دونوں عظیم رہنما ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے، اگرچہ کبھی آپس میں ملاقات نہیں ہوئی تھی۔ اللہ والوں کی زندگیوں میں مماثلت ہوتی ہے اور باہمی محبت بھی۔ یہ محبت اہلِ ایمان کا بہت بڑا اثاثہ ہے۔
سید علی گیلانیؒ کا بچپن ایک صاحبِ کردار خاندان میں ماں باپ کی تربیت کی وجہ سے بہت شاندار تھا۔ آپ ابھی چھوٹے ہی تھے کہ آپ کے سکول جانے سے قبل آپ کا خاندان ضلع سوپور میں منتقل ہو گیا۔ یہاں آپ کو ایک پرائمری سکول میں داخل کرایا گیا،جہاں طلبہ کے درمیان علی گیلانی ایک قائد کی حیثیت سے معروف ہو گئے۔ ان کے اساتذہ ان سے بہت محبت کرتے تھے۔ گورنمنٹ ہائی سکول سوپور سے میٹرک کا امتحان پاس کرنے کے بعد آپ اپنے والدین کی اجازت سے شہراقبالؒ و مودودیؒ( لاہور) آ گئے اور یہاں اورینٹل کالج، پنجاب یونیورسٹی سے ادیب عالم کی ڈگری حاصل کی۔ ہم نے اقبال اور مودودی کا تذکرہ اس لیے کیا ہے کہ سید علی گیلانی کو ان دونوں شخصیات سے بے پناہ محبت و عقیدت تھی۔ علامہ اقبال سے ان کی براہِ راست ملاقات تو نہ ہو سکی، البتہ سید مودودیؒ سے ملے اور بہت متاثر ہوئے۔
لاہور سے واپس سری نگر گئے تو اپنے علمی ذوق کے مطابق کشمیر یونیورسٹی سے ادیب فاضل اور منشی فاضل کی سندیں حاصل کیں۔ یوں آپ کو اردو، عربی اور فارسی زبانوں میں پوری مہارت حاصل ہو گئی۔ 1949ء میں آپ سرکاری سکول میں بطور استاد ملازم ہو گئے۔ 12سال تک مختلف سکولوں میں بچوں کو تعلیم و تربیت اور جہاد کی تعلیم دیتے رہے۔ اس دوران سید مودودیؒ کا بیشتر لٹریچر پڑھ لیا۔ آپ نے ملازمت کے دوران ہی 1953ء میں جماعت اسلامی کی رکنیت اختیار کر لی تھی۔ کچھ عرصے کے بعد ملازمت سے استعفیٰ دے دیا اور آزادانہ کام کرنے کا ارادہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر جناب سعد الدینؒ نے گیلانی صاحب کو جماعت میں ہمہ وقتی کام کرنے کی دعوت دی۔ اس کام میں ہر طرح کی مشقتوں کا سامنا اور معاشی مشکلات سے دوچار ہونا لازمی تھا، مگر اللہ کے بندے نے اپنے امیر کے حکم پر لبیک کہا اور جماعت کے ہمہ وقتی کارکن بن گئے۔ علی گیلانی ہمہ پہلو شخصیت کے مالک تھے۔ آپ مختلف ذمہ داریوں پر فائز رہے اور ہر جگہ مخلص کارکن اور قائد کا کردار ادا کیا۔ آپ مختلف اضلاع کی امارت کے بعد قیم جماعت اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر اور ایک دو مرتبہ قائم مقام امیر جماعت کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دیتے رہے۔ اس دوران جماعت کے تحت چھپنے والے رسالے ''اذان‘‘ کے ایڈیٹر بھی رہے۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر ایک سیاسی پارٹی کی حیثیت سے ریاستی انتخابات میں حصہ لیتی تھی۔ سید علی گیلانی جماعت کے امیدوار کے طور پر پہلی بار 1972ء میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے، پھر 1977ء اور 1987ء میں بھی کامیابی حاصل کی۔ آپ سوپور کے حلقے سے الیکشن لڑتے تھے اور بھاری اکثریت سے جیتتے تھے۔ آپ نے 30اگست 1989ء کو بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کے طور پر اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا۔ مقبوضہ کشمیر اسمبلی میں آپ کی کارکردگی ہمیشہ تمام ارکان سے بہتر رہی۔ آپ اسلام، آزادیٔ کشمیر اور الحاقِ پاکستان کے حق میں اسمبلی اور اس کے باہر ہر جگہ آواز اٹھاتے تھے۔ آپ کے دلائل میں وزن اور لہجے میں جرأت و یقین ہوتا تھا۔
کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف جدوجہد کا فیصلہ ہوا، تو تحریکِ حریتِ کشمیر کے نام سے ایک جہادی تنظیم قائم کرنے کا فیصلہ ہوا۔ جماعت کے ذمہ داران کی طرف سے باقاعدہ ایک تحریری مسودے کے بعد آپ نے 2004ء میں اس میدان میں قدم رکھا، پھر آخری دم تک پوری جرأت و ہمت کے ساتھ یہ خدمات سرانجام دیتے رہے۔ مختلف ناموں سے کام کرنے والی آزادی کی تحریکوں نے آپس میں اتحاد کافیصلہ کیا، تو ''حریت کانفرنس‘‘ کے نام سے ایک اتحاد وجود میں آیا۔ سب جماعتوں نے سید علی گیلانی کو حریت کانفرنس کاچیئرمین منتخب کیا۔ بعد کے زمانے میں جب کچھ جماعتوں نے کانفرنس کے فیصلوں کی خلاف ورزی کی تو انہیں الگ کر دیا گیا۔ باقی ماندہ جماعتوں نے سید علی گیلانی کی قیادت میں اپنی جدوجہد جاری رکھی۔
سید علی گیلانیؒ بیسیوں کتابوں کے مصنف ہیں۔ آپ کی سب سے معروف کتاب جو پاکستان میں بھی بہت مقبول ہوئی ''رودادِ قفس‘‘ ہے۔ اسی طرح آپ نے سینکڑوں کتابچے مختلف موضوعات پر تحریر کیے جن کا مقصد آزادی کے جذبے کو زندہ رکھنا اور کشمیری عوام کی اسلامی تربیت تھا۔ رانسی جیل سے جب آپ رہا ہوئے تو ''مقتل سے واپسی‘‘ کے نام سے ایک معرکہ آرا کتاب لکھی۔ علامہ اقبال کے بارے میں آپ کی کتاب ''روحِ دین کا شناسا‘‘ دو جلدوں میں چھپی۔ یہ بھی اپنے موضوع پر ایک بے مثال کتاب ہے۔بھارتی مظالم کے خلاف عملی جدوجہد کے ساتھ ساتھ اتنا بڑا علمی کام مرحوم کا عظیم کارنامہ ہے۔ یہ بات پیشِ نظر رہے کہ اس عظیم فکری و جہادی رہنما کو بے شمار بیماریاں لاحق تھیں۔ پیس میکر کئی سال پہلے لگا تھا۔ گال بلیڈر بھی نکال دیا گیا تھا۔ ایک گردہ آپریشن کے بعد نکالنا پڑا جو دوسرا گردہ تھا‘ اس کا بھی تیسرا حصہ کام نہیں کر رہا تھا۔ اسے بھی آپریشن کے ذریعے نکالا گیا۔
سید علی گیلانیؒ کی زندگی کے پندرہ سولہ سال بھارتی جیلوں میں گزرے جبکہ اپنے گھر میں نظر بندی بھی کئی سالوں پر محیط تھی۔ مختلف اوقات میں آپ کو نظربند کیا جاتا رہا۔ آ پ کی وفات بھی اسی نظربندی کے دوران ہوئی۔ تاریخ اسلام کی عظیم اور صاحبِ عزیمت شخصیات میں سے کئی بزرگان ظالم حکمرانوں کے تشدد کا مردانہ وار مقابلہ کرتے رہے اور قید و بند کی صعوبتوں کے دوران زنداں خانوں میں ہی موت سے ہمکنار ہو کر شہید ہوئے۔ امام اعظم سیدنا ابوحنیفہؒ کا جنازہ بغداد کی جیل سے اٹھا۔ امام ابن تیمیہؒ کا جنازہ دمشق کے قلعے میں دورانِ نظربندی شہادت کی وجہ سے وہیں سے اٹھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں