"KMK" (space) message & send to 7575

چھوٹے موٹے ٹوٹے

دھرنے‘ ضرب عضب کے آئی ڈی پیز اور اب سیلاب سے متاثرہ لاکھوں بے سرو سامان۔ تباہی اور بربادی کی ایک المناک داستان۔ اس دوران کچھ بھی تو خوشگوار نہیں۔ شب و روز بالکل ایسے جن کے بارے میں منیر نیازی نے لکھا کہ ؎ 
کوئی خبر خوشی کی کہیں سے ملے منیرؔ 
اس روز و شب میں ایسا بھی اک دن کمال ہو 
ہم بھی روز روز ایک جیسے موضوعات پر لکھ کر ادارتی صفحے کا پیٹ بھر رہے ہیں۔ آج تھوڑا مختلف لکھنے کو دل چاہا۔ بلکہ لکھنے کو کہاں؟ مختلف لوگوں کے لکھے ہوئے بس آپ تک پہنچانے کا فریضہ سرانجام دے رہا ہوں۔ چھوٹے پیغامات‘ درفنطنیاں‘ ٹوٹے اور پھلجھڑیاں۔ ع کہتی ہے تجھ کو خلق خدا غائبانہ کیا 
چندپند سود مند: 
٭... اگر آپ دنیا کو بدلنا چاہتے ہیں تو براہ کرم یہ کام اپنے کنوارپن میں کر لیجیے گا۔ شادی کے بعد آپ اپنی مرضی سے ٹی وی چینل تک تبدیل نہیں کر پائیں گے۔ 
٭... بیوی کو سننا بالکل ایسا ہی ہے جیسا کہ کسی ویب سائٹ کی شرائط و ضوابط (Terms & Conditions) پڑھ رہے ہوں۔ آپ اسے رتی برابر نہیں سمجھتے مگر اس کے باوجود اسے قبول کر لیتے ہیں۔ 
٭... شطرنج دنیا کی وہ واحد گیم ہے جو خاوند کی حیثیت کو حقیقی انداز میں ظاہر کرتی ہے۔ بے چارہ بادشاہ ایک وقت میں صرف ایک خانہ چل سکتا ہے جبکہ زور آور ملکہ وہ سب کچھ کر سکتی ہے جو اس کے جی میں آتی ہے۔ 
٭... زیادہ تر مشرقی خواتین آخر کس لیے اپنی اگلی زندگی میں اسی خاوند کا مطالبہ کرتی ہیں جو انہیں اس زندگی میں ملا ہوتا ہے؟ وجہ یہ ہے کہ وہ اپنی برسوں کی محنت‘ ریاضت اور تربیت ضائع نہیں کرنا چاہتیں۔ 
٭... تمام مرد بہادر ہوتے ہیں۔ انہیں ڈرائونی فلمیں‘ خونخوار جانور اور قتل و غارت گری بھی خوفزدہ نہیں کر سکتی۔ ہاں مگر گھر سے آئی ہوئی پانچ مس کالز۔ 
٭... چیک میٹ (Chekmate: شطرنج میں کھیل کے دوران بادشاہ کو گھیرنے کی ایسی چال جس میں بادشاہ کے پاس فرار کا کوئی راستہ بھی نہ ہو اور وہ مر بھی نہ رہا ہو) کیا ہوتا ہے؟ جیسے آپ اپنی بیوی کو کہیں کہ آپ نے ایک خاتون دیکھی ہے جو بالکل تمہارے جیسی تھی اور بیوی سوال کرے کہ کیا وہ انتہائی خوبصورت تھی؟ اب آپ نہ ہاں کہہ سکتے ہیں اور نہ ہی نہیں۔ یہ چیک میٹ ہوتا ہے۔ 
٭... سٹاک مارکیٹ میں رقم ڈوبنے کے بعد ایک مایوس شوہر نے اپنی بیوی سے کہا: تم میری واحد سرمایہ کاری ہو جو دوگنی ہوئی ہے۔ 
............... 
صرف امریکہ میں ایسا ہوتا ہے: 
٭... ہم چلاتے ہیں کہ وہ بجٹ متوازن کرے۔ پھر ہم اپنی آخری پائی تک کار کی ڈائون پیمنٹ میں صرف کر دیتے ہیں۔ 
٭... ہم اس بات کا رونا روتے ہیں کہ ہمارا قانون تیز رفتاری کے بارے میں اتنا موثر اور جامع نہیں جتنا کہ ہونا چاہیے تھا؛ تاہم ہم ایسی کار نہیں خریدتے جس کی رفتار سو میل فی گھنٹہ سے زیادہ نہ ہو۔ 
٭... اگر ہم تعلیم کے لیے ایک ارب ڈالر منظور کریں تو امریکی شہری بھوکے مرنے کے خوف سے چلاّنے لگ جاتے ہیں لیکن صرف سگریٹوں پر تین ارب ڈالر خرچ کرنے میں کوئی حرج نہیں سمجھتے۔ 
٭... ہم اپنا کتا باندھ کر رکھتے ہیں مگر اپنے سولہ سالہ بیٹے کو بالکل کھلا چھوڑ دیتے ہیں۔ 
............ 
مقامی معاملات: 
٭... باغی نے اصول کی خاطر پیپلز پارٹی چھوڑی‘ تحریک استقلال چھوڑی‘ مسلم لیگ ن چھوڑی اور اب تحریک انصاف چھوڑی۔ ایک بار ایم کیو ایم میں شامل ہو اور پھر بغاوت کر کے دکھائے۔ 
٭... چودھری نثار نے جمہوریت پر عزت نثار کردی۔ 
٭... بدھ۔ بلاول کی فلمی ستاروں سے ملاقات 
جمعرات۔ بلاول ہائوس کے سامنے استادوں پر لاٹھی چارج 
٭... سیاست میں ناکامی کے بعد جاوید ہاشمی نے ملتان میں ہاشمی سرمے کے نام سے دکان کھول لی؟ 
٭... پاکستان میں انصاف کے حصول کے لیے تین چیزیں درکار ہیں۔ حضرت نوح علیہ السلام کی عمر‘ حضرت ایوب علیہ السلام کا صبر اور قارون کا خزانہ۔ 
٭... لوڈشیڈنگ میں کمی چاہیے تو بارش کی دعا کریں۔ خواجہ آصف 
خواجہ صاحب! بارش آ گئی۔ ساڈے لائق کوئی ہور حکم؟ 
٭... ٹیکس نہ دینے والے معززین کے لیے جاری ہونے والے "Non Taxpayer Privilages Card" حاصل کرنے والے چند خوش نصیب۔ 
1۔ چیف کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن 13462/-روپے 
2۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان 27124/- روپے 
3۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ 33729/-روپے 
4۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ 64000/- روپے 
5۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال 11084/-روپے 
6۔ وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی 22722/-روپے 
عام آدمی بلال احمد تنخواہ دار 1,42,761/-روپے 
............... 
کارہائے نمایاں: 
اسلام آباد فوج کے حوالے 
کراچی دہشت گردوں کے حوالے 
سندھ ڈاکوئوں کے حوالے 
بجلی لوڈشیڈنگ‘ بارش کے حوالے 
نوازشریف سعودی عرب کے حوالے 
108 ارب روپے کی قرضہ سکیم پٹواریوں کی باجی کے حوالے 
ملکی خزانہ سمدھی کے حوالے 
''ملک... اللہ کے حوالے‘‘ 
٭... جلسہ عام۔ اگر ہم نے انتخابات کے بعد اس زرداری کو لاڑکانہ‘ کراچی‘ پشاور اور لاہور کی سڑکوں پر نہ گھسیٹا تو میرا نام شہباز شریف نہیں۔ 
جاتی عمرہ رائے ونڈ۔ (زرداری نوازشریف سے) میاں صاحب! وہ مجھے کسی نے گھسیٹنا تھا؟ 
٭... تاریخ میں لکھا جائے گا کہ ''یہ قصہ چار حلقوں سے شروع ہوا‘‘ اور تاریخ پڑھنے والے اس وقت کے حکمرانوں کی عقل پر ماتم کریں گے۔ 
٭... میرا بھائی گورنر ہے‘ آٹھ عزیز ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ہیں‘ اس لیے اسمبلی برقرار رہنی چاہیے اور وزیراعظم کو استعفیٰ نہیں دینا چاہیے۔ محمود اچکزئی 
٭... باقی مختلف ''لوشوں‘‘ کے علاوہ ہمارے چار وزیر ہیں لہٰذا اسمبلی برقرار رہنی چاہیے اور وزیراعظم کو استعفیٰ نہیں دینا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمن 
٭... آپ نے الیکشن میں دھاندلی کی ہے اور آپ کی کابینہ بالکل نااہل لوگوں پر مشتمل ہے۔ آپ نے ہمیں اور قوم کو بری طرح مایوس کیا ہے‘ مزید برآں آپ چودہ بے گناہوں کی جان لینے کے مرتکب ہوئے ہیں اس لیے اسمبلی برقرار رہنی چاہیے اور وزیراعظم کو استعفیٰ نہیں دینا چاہیے۔ اعتزاز احسن 
٭... گھی سیدھی انگلیوں سے نہ نکلے تو امپائر کی انگلیوں سے گھی نکالنا (جدید محاورہ) 
٭... زبیدہ آپا کے انقلابی ٹوٹکے۔ رات کو سوتے وقت دو چمچ اسپغول‘ گلاس دودھ کے ساتھ لینے سے صبح انقلاب آ جاتا ہے 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں