"MMC" (space) message & send to 7575

کچھ علاج اِس کا بھی اے چارہ گراں!ہے کہ نہیں

مرزا محمد رفیع سودا نے کہا تھا: ؎
دِل کے ٹکڑوں کو بغل بیچ لئے پھرتا ہوں
کچھ علاج اِس کا بھی اے چارہ گراں! ہے کہ نہیں
آج امتِ مسلمہ کا بھی دل پارہ پارہ ہے اور وہ کسی چارہ گر کی تلاش میں ہے ،مگر چارہ گر دور دور تک نظر نہیں آتااور نہ ہی اس مشکل سے نکلنے کی کوئی تدبیرسُجھائی دیتی ہے ۔پہلی جنگِ عظیم کے بعدخلافت عثمانیہ منتشر ہو کر مختلف ریاستوں میں بٹ گئی ،یہ مغربی استعمار کی ایک سوچی سمجھی سازش تھی ،جو پایۂ تکمیل تک پہنچی ۔ پھر امتِ مسلمہ کے قلب میں اسرائیلی ریاست کی صورت میں ایک خنجر پیوست کیا گیا،جس نے ناسور کی شکل اختیار کرلی اور پوری مغربی دنیا اُس کی پشتیبان بن گئی ۔اُس کے بعد جیسے تیسے مسلم ممالک کا نظام چل رہا تھا، کہیں ملوکیت ،کہیں فوجی آمریت اور کہیں علامتی جمہوریت ۔
امام خمینی کی قیادت میںشاہِ ایران کے خلاف بغاوت برپا ہوئی اور 1979ء میں ''جمہوریٔ اسلامی ایران‘‘کے عنوان سے مذہبی قوتوں کی حکومت قائم ہوئی ۔اس کے بعدآٹھ سال تک ایران عراق جنگ برپا رہی ،جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کا بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ۔پھر1990ء میں عراق نے کویت پر قبضہ کیااوراُس کے نتیجے میں عراق پر امریکی یلغار ہوئی ،سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک نے ان دونوں جنگوں پر بے پناہ مالی وسائل صرف کیے۔پھر 2003ء میں امریکہ نے بڑے پیمانے پرمہلک ہتھیاروںکا الزام لگاکر دوبارہ عراق پر حملہ کیا ،صدام حسین کی حکومت معزول ہوئی اور ایک نئے نظام کے تحت امریکہ کی سرپرستی میں حکومت قائم ہوئی۔ 1979ء میں جہادِ افغانستان کاجو سلسلہ شروع ہوا تھا، سوویت یونین کی تحلیل پر منتج ہوا،بالآخرنائن الیون کے سانحے کے نتیجے میں امریکہ افغانستان پرچڑھ دوڑا اور امتِ مسلمہ پر اُفتاد کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔
امریکہ نے عراق میں اپنے برانڈ کا جمہوری نظام قائم کیا ،جو تاحال پوری طرح سے مستحکم نہیں ہوپایا ۔اِسی دوران مشرقِ وُسطیٰ میں ''داعش‘‘کے نام سے خلافت کا ایک جعلی نظام قائم ہوا۔ داعش ایک ایسا بچہ ہے جس کی ذمے داری کوئی لینے کے لیے تیار نہیں ہے ، لیکن باور کیاجاتا ہے کہ اِس کے پیچھے بھی امریکہ اور مغرب کی آشیر باد کار فرما ہے،وَاللّٰہُ اَعْلَمُ بِالصَّوَاب۔حال ہی میں فلوریڈا کے واقعے نے اِس شبے کو تقویت بخشی ہے ۔اِسی دوران اہلِ مغرب نے لیبیا پر یلغار کر کے کرنل قذافی کی حکومت کو معزول کیا ، اب وہاں بھی ہر سُوانتشار ہے ۔گزشتہ ساڑھے تین عشروں سے امریکہ عسکری گروپ تشکیل دیتا ہے ، انہیں گود لیتا ہے، حربی ،تکنیکی ، مادّی اور مالی وسائل سے مالا مال کرتا ہے اور پھر استعمال کرنے کے بعد انہیں دہشت گرد قرار دے کر اُن سے برأ ت کا اعلان کردیتا ہے۔ الغرض جب تک امریکہ اس خطے میں موجود ہے ،امن کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔
اس وقت پورا عالَمِ اسلام آزمائشوںمیں گھرا ہوا ہے اور شکستگی کی کیفیت میں ہے ۔سعودی عرب اورایران میں بالواسطہ طور پر ایک آویزش برپا ہے اور ہر فریق اپنا اپنا دائرۂ اثر بڑھانے کی تگ ودو میں مصروف ہے ۔عراق، یمن ،شام اور بحرین اس آویزش کا مرکز ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ امریکہ اور اہلِ مغرب نے اسلامی ممالک کو مزید پارہ پارہ کرنے کا منصوبہ بنارکھا ہے،اِسی لیے شرقِ اوسط کا خطہ ایک بحران سے دوچار ہے ۔ عراق ،شام ،ترکی اور ایران میں پھیلی ہوئی کُرد آبادی اُن معاشروں میں ضَم ہوچکی تھی۔ لیکن لگتا ہے کہ اب مغرب کُردستان کے نام سے ایک نیا ملک تخلیق کرنا چاہتا ہے ۔جہادِ افغانستان اور ایران عراق جنگ سے لے کر اب تک مسلم ممالک کے صرف جانی نقصان کاتخمینہ لگایا جائے توبلاشبہ لاکھوں میں ہے ، اس کے علاوہ شہروں کے شہر اور آبادیاں تاراج کردی گئی ہیں ، بسے بسائے شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں ، خاندان کے خاندان بکھر چکے ہیں ،عورتیں اوربچے رُل رہے ہیں ، پناہ گزین مُلکوں مُلکوں دربدر ہیں ۔کسی کو خبر نہیں کہ یورپ اور مغرب کے پناہ گزیں کیمپوں میں پھول جیسے مسلم بچوں کی تربیت کن اَقدار کے تحت ہورہی ہے اور کون سے مذہبی ماحول میں وہ نشوونما پارہے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیراور روہنگیا کا اَلَمیہ اس پورے منظر سے جدا ہے اور امتِ مسلمہ اُن کے درد سے ناآشناہے اور بے حسی کی کیفیت طاری ہے۔ کیونکہ وہ اپنے اپنے غموں کے سمندر میں ڈوبے ہوئے ہیں ، کسی صاحبِ نظر نے بارگاہِ رسالت میں استغاثہ کرتے ہوئے کہاتھا:
ترجمہ:''اے اللہ کے رسول! ہماری حالتِ زار پر توجہ فرمائیے، اے اللہ کے حبیب!ہماری فریاد سن لیجیے، میں غموں کے سمند ر میں ڈوبا ہوا ہوں، میری دستگیری فرمائیے اورہماری مشکلات کو آسان فرمادیجیے ‘‘۔شام میں نُصیری اقلیتی فرقہ کئی دہائیوں سے حکومت پر مسلط ہے ،انہیں عَلَوِیُّون بھی کہاجاتا ہے۔ ایک روایت کے مطابق یہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کو''اِلٰہ ‘‘مانتے ہیں، اسی لیے فقہِ جعفریہ والے بھی انہیں مسلم فرقہ تسلیم نہیں کرتے۔لیکن ایران اپنے توسیعی عزائم کے تحت کافی مالی اور اَفرادی بوجھ برداشت کر کے بشار کی حکومت کو بچائے ہوئے ہے، لبنان کا حزب اللہ گروپ بھی اس کا ہراول دستہ ہے اور اب روس بھی اس کی حمایت میں مصروفِ عمل ہے۔ دوسری جانب ''النّصرہ فرنٹ‘‘ اور ''جبّہ مِلّی‘‘ کی طرح متعدد عسکری تنظیمیں بشار حکومت کو گرانے میں مصروف ہیں اور انہیں سعودی عرب اورخلیجی ممالک کی حمایت حاصل ہے۔ امریکہ اور مغرب کا کردار منافقانہ ہے ،شاید اُن کا اصل ہدف امتِ مسلمہ اور مسلم ممالک کو کمزور اور منتشر کرنا ہے۔ترکی شروع میں بشار حکومت کا شدید مخالف تھااور وہ اِسے مسئلہ سمجھتا تھا ،لیکن اب اپنے داخلی مسائل کی وجہ سے ترکی نے اپنے موقف میں نرمی پیدا کی ہے اور اب وہ بشار حکومت کومسئلہ قرار دینے کی بجائے مسئلے کا حل سمجھنے پر مجبور ہے ، امریکہ اور مغرب کی بے اعتنائی اور بے وفائی نے اُسے روس کی طرف دھکیل دیا ہے ۔ پاکستان کا جوحشرجہادِ افغانستان کے بعد ہوا، اب بتدریج ترکی اُسی صورتِ حال سے دوچار ہورہا ہے ،حالانکہ شام کے قضیے سے پہلے ترکی عالَمِ اسلام کا سب سے متحد، منظَّم اور مُستَحکم ملک مانا جاتا تھا۔
ہمارے نزدیک اس مسئلے کی سنگینی کوکم سے کم تر کرنے کا ممکنہ حل یہ ہے کہ پاکستان اور ترکی کی قیادت ایران اور سعودی عرب کی قیادت سے الگ الگ تفصیلی مذاکرات کریں اور پھر دونوں ممالک کوکسی کم از کم قابلِ قبول فارمولے پر راضی کریں تاکہ امتِ مسلمہ کے نہ ختم ہونے والے بحران کا رُخ کسی مُثبت حل کی جانب موڑا جاسکے اور مسلم ممالک کے جو افرادی ،مالی اور حربی وسائل آپس کی جنگ کا ایندھن بن رہے ہیں ،اِن کا سلسلہ موقوف کیا جاسکے ۔پاکستان کو تو امریکہ اور اہلِ مغرب کی جفا کا بہت تجربہ تھا ،سعودی عرب اور ترکی کوپہلی بار اس سے واسطہ پڑا ہے ،وہ صدمات سے دوچار ہیں ،حالانکہ امریکہ اور یورپ کو ہمیشہ سے سعودی عرب اور خلیجی ممالک کا حلیف سمجھا جاتا رہا ہے ،لیکن آج اُن پر امریکہ کے سابق وزیرِ خارجہ ہنری کسنجر کا یہ مقولہ صادق آرہا ہے :''اگر امریکہ تمہارا دشمن ہے تو اس سے محتاط رہو اور اگر وہ تمہارا دوست ہے تو پھر بہت زیادہ محتاط رہو‘‘۔
سعودی عرب اپنے اعلان کے مطابق 39مسلم ممالک پر مشتمل ایک ''اسلامک ملٹری الائنس‘‘ تشکیل دے چکا ہے ، لیکن اس کا دائرہ ٔکاراورمقاصد واضح نہیں ہیں، آیا یہ سعودی عرب اور حرمین طیبین کے دفاع کے لیے ہے یا داخلی خلفشاراورتصادم میں مبتلا مسلم ممالک میں قیامِ امن کے لیے ہے ۔شروع میں اِسے ''سنّی ملٹری الائنس‘‘کا نام دیا گیا تھا،جس سے ایک منفی تاثر پیدا ہوتا تھا کہ یہ ایران اور اُس کے حلیفوں کے مقابلے کے لیے ہے، اب نام کی حد تک اس منفی تاثر کا ازالہ کردیا گیا ہے، ہم اس دانش مندی کی تحسین کرتے ہیں ۔سعودی حکمرانوں نے اعزازکے ساتھ جنابِ جنرل (ر) راحیل شریف کو سعودی عرب کی دعوت دی ، وہاں اعلیٰ قیادت کے ساتھ اُن کی ملاقات ہوئی ،جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ انہیں اس مجوّزہ فوجی اتحاد کاسربراہ بنادیا گیا ہے، اس پر ہمارے ہاں غیر محتاط انداز میں بحث شروع کردی گئی۔ بعض خبروں سے معلوم ہوا کہ جنرل صاحب نے اپنی کچھ شرائط رکھی ہیں ، لیکن یہ سب قیاسات ہیں ۔
مسلم اتحادی افواج کی قیادت بلاشبہ پاکستان کے لیے اعزازکی بات ہوگی ،لیکن تمام تر خدشات کے ازالے اور تحفظات پر مطمئن کیے بغیر یہ بیک فائر بھی ہوسکتا ہے ،اس لیے نہایت ہوشمندی کی ضرورت ہے ۔امریکی قیادت میں مغربی ممالک کے فوجی اتحاد کے کھاتے میں جانی اور مالی نقصانات تو بے تحاشا ہیں، لیکن مسلم خطے میں کوئی سرفرازی اور سرخروئی اُن کا مقدر نہیں بن سکی اور جہاں جہاں اُن کے نقوشِ قدم ثبت ہوئے ،وہاں حالات پہلے سے بھی ابتر اور بدتر ہیں۔اس وقت عالمی سطح پر امت کی وحدت کی سب سے زیادہ ذمے داری سعودی عرب، ترکی اور پاکستان پر عائد ہوتی ہے ، ایران کے ساتھ حساس مسائل پرسنجیدہ مکالمے کی ضرورت ہے۔صحیح شِعار یہ ہے کہ حقیقی مسائل کا ادراک کر کے اُن کا حل تلاش کیا جائے۔سعودی عرب،یمن ، عراق، شام ،لبنان، افغانستان ، ایران اور پاکستان سب جگہ کسی نہ کسی درجے میں بے اعتمادی اور بد گمانی موجود ہے، اس کے ازالے کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں