"NNC" (space) message & send to 7575

ایسی خبریں پڑھیے /مت پڑھیے

آج کل دلوں کی حالت بہت نازک ہو رہی ہے۔ ہر وقت خبروں پر دھیان رہتا ہے۔ کچھ خبریں ایسی منحوس ہوتی ہیں کہ انہیں اخبار میں پڑھ کے یا ٹی وی سے سن کے دل بیٹھنے لگتا ہے۔ کچھ خبریں ایسی ہوتی ہیں‘ جنہیں پڑھ کے بیٹھتا ہوا دل‘ سنبھلنے لگتا ہے۔ میں دونوں طرح کی خبریں پیش کر رہا ہوں۔ دل کو بٹھانے والی خبریں پہلے نہیں پڑھنا چاہئیں۔ ورنہ ہر خبر کے ساتھ دل مزید بیٹھ جائے گا۔ اس لئے میں پہلے وہی خبریں لکھوں گا‘ جو دل کو تقویت دیتی ہیں۔ابتدا میں آپ دل کو مضبوط کرنے والی خبریں پڑھیے تاکہ دل اتنا قوی ہو جائے کہ دل بٹھانے والی خبریں پڑھنے اور سہنے کی ہمت پیدا ہو چکی ہو۔ پیش ہیں وہ خبریں‘ جو انشاء اللہ دل کے لئے مقوی ثابت ہوں گی۔
٭عمران خان10لاکھ کا دعویٰ کرتے رہے لیکن 10ہزار شرکاء بھی پورے نہ کر سکے۔ وہ گوجرانوالہ پہنچنے پر شرکاء کی تعداد دیکھ کر ناراض ہو گئے۔ پارٹی رہنمائوں پر برس پڑے اور مزید افرادی قوت کے ساتھ آگے بڑھنے سے انکار کر دیا۔
٭ دہشت گرد اسلام آباد میں آ چکے ہیں۔ دھرنے ان کا ہدف ہو سکتے ہیں۔ تسلی کی بات یہ ہے کہ مارے خوف کے حاضرین فرار ہو سکتے ہیں۔
٭عمران کے چاروں مطالبات غیر آئینی ہیں‘ آئین میں تبدیلی کے لئے دو تہائی اکثریت درکارہوتی ہے۔روحیل اصغر
٭عام طور پر جن لوگوں کو سی آئی اے سے نفرت ہے‘ ان کے لیے اس کا یہ بیان انتہائی تسلی بخش ہے کہ ''پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل جاری رہنا چاہیے‘‘ ۔
٭ عمران خان کے تمام مطالبات غیرآئینی اور غیر اخلاقی ہیں۔لاہور سے 7لاکھ ووٹ لینے والوں کے ساتھ ‘ صرف 7ہزار ووٹر نکلے۔ پرویزرشید
٭ گوجرانوالہ میں پہلے پی ٹی آئی نے ‘ ن لیگ کے دفتر پر حملہ کیا۔رانامشہود- اس حوصلہ افزا بیان کے ساتھ اپنے آپ یہ تصور کر لیجئے کہ لاہور سے چلتے وقت جلوس کے شرکاء نے‘ گاڑیوں میں پہلے سے پتھر رکھ لئے تھے اور سڑک کے دو رویہ کھڑے ہوئے ہزاروں لوگوں میں‘ انہوں نے چلتے چلتے پہچان لیا کہ ان میں سے ن لیگ کے حامی کون ہیں؟ اور کہاں پر کھڑے ہیں؟
٭ پارلیمنٹ پر چڑھائی سے عوام کے دل نہیں جیتے جا سکتے۔ایازصادق
٭ عدالتی حکم کے بعد لانگ مارچ ختم ہو جانا چاہیے۔عرفان صدیقی۔ خبر پڑھتے ہی دعا بھی کیجئے کہ اس مطالبے کو شرف قبولیت حاصل ہو جائے۔
٭ فیصل آباد کے نمائندے نے خبر دی ہے کہ گوجرانوالہ میں تصادم کے بعد لانگ مارچ کے سینکڑوں شرکا واپس چلے گئے۔
٭عمران خانہ صوبہ نہیں سنبھال سکتے‘ مارچ کس کے خلاف کر رہے ہیں؟زاہد خان
٭ عمران خان دھاندلی کا رونا رو کر ملکی نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ خانزادہ خان
٭ عمران خان وزیراعظم بنے تو حالات خودبخود ٹھیک ہو جائیں گے۔پرویزخٹک
٭ عمران خان کے کارکن گوجرانوالہ میں ناشتے کے لئے دربدر بھٹکتے پھر رہے تھے۔ عابد شیر علی
٭ نوازشریف کی تصاویر کی بے حرمتی پر کارکن مشتعل ہوئے۔پرویزرشید۔ خوش ہونے کے لئے تصور کرنا ضروری ہے کہ جلوس کے شرکا نے‘ گاڑیوں سے اتر کے پہلے پتھر چنے ہوں گے‘ جو ن لیگ کے کارکنوں کے لئے ‘سڑک کے دونوں اطراف‘ ڈھیروں کی صورت میں رکھ دیئے گئے تھے۔انہوں نے ن لیگ کا حق مارتے ہوئے‘ انہی کے پتھر ‘ ان ہی کے لیڈر کی بے حرمتی کے لئے استعمال کئے‘ جو ناقابل معافی جرم ہے۔ جواب میں زندہ سلامت عمران خان کو پتھر مار کے حساب برابر کرنا ضروری تھا۔
٭ وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کرنا کونسا آئین ہے؟حاجی عدیل
٭عمران خان نے شیخ رشید کو گاڑی سے نکال دیا۔تالیاں
٭عمران خان کے کنٹینر پر پتھرائو میں‘ ان کا حامی پاپ سنگر سلمان احمد زخمی ہو گیا۔ کمبخت بڑے نغمے گاتا تھا۔ 
٭سانحہ ماڈل ٹائون‘ کمیشن نے حکومت کو کلین چٹ دے دی۔ مبارکاں۔ 
مت پڑھیے:۔ اور اب دل بٹھانے والی خبریں‘ پہلے میںمقوی خبروں سے آپ کے دلوں کو مضبوط کرنے کے بعد یہ تکلیف دہ خبریں درج کر رہا ہوں۔ 
٭ن لیگ اپنی حکومت کے قبل ازوقت خاتمے کی خود ذمہ دار ہو گی۔وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ تحریک انصاف کا آئینی حق ہے۔ اعتزاز احسن
٭سارا کھیل اب عمران خان کے ہاتھ میں ہے۔حافظ حسین احمد
٭پی ٹی آئی کے قائد عمران خان کے کنٹینر پر‘ مبینہ فائرنگ کرنے والے کا نام ''پھنیئر‘‘ ہے۔پولیس اسے تلاش کر رہی ہے۔
٭ جمہوریت پر شب خون مارنے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔رضاربانی
٭اسلام آباد میں کارکنوں نے تمام حکومتی رکاوٹوں کو گرا دیا۔ ان کے ہاتھوں میں کیڑے پڑیں۔
٭گلوبٹ رہائی کے باوجود کیمپ جیل میں نظربند کر دیا گیا۔ پولیس کی درخواست پر ڈی سی او نے ایک ماہ کی نظربندی کے احکامات جاری کئے۔گندی پولیس۔
٭نثارنے عمران کو سخت سکیورٹی دے کر دوستی کا حق ادا کیا۔دہشت گردوں نے خصوصی دستے عمران کو اڑانے کے لئے اسلام آباد بھیج رکھے ہیں۔چوہدری نثار نے سکیورٹی دے کر پارٹی دشمن کو تحفظ دیا۔ افسوس۔
٭حکومت نے طاہرالقادری سے نمٹنے کے لئے کالعدم تنظیم کا سہارا لیا۔کائرہ۔ وزارت چلی گئی لیکن اطلاعات و نشریات سے باز نہیں آ رہے۔
٭فوج‘ حکومت اور مظاہرین میں ثالثی کر رہی ہے۔امریکہ ہمارا دشمن ہے۔
٭حکومت کا خاتمہ قریب ہے۔ قادری کا مطالبہ غیرآئینی نہیں۔پرویزمشرف۔ آمر‘ آمر ہی ہوتا ہے۔
مسلم لیگی کارکنوں کے لئے میں ان دنوں ہر وقت دعا گو رہتا ہوں۔ اس کالم میں بھی سب سے پہلے میں نے وہ خبریں نقل کیں‘ جو دل کی ڈھارس بندھانے کے لئے انتہائی مفید ہیں۔ چند ایک منحوس خبریں بھی ساتھ ملا دی ہیں تاکہ خوشی میں سرشار ہو کر‘وہ حقائق سے دور نہ ہو جائیں۔ ایسا وقت 
حکومت کرنے والوں پر اکثر آتا رہتا ہے۔ سب کی نظریں کرسی پر ہوتی ہیں۔ ہر ایک اس دائو میں رہتا ہے کہ حکومت کرنے والوں کی آنکھ جھپکے اور وہ کرسی ہتھیا لے۔ ن لیگ نے قسمت ایسی پائی ہے کہ دشمن پھر بھی وار کر جاتے ہیں۔ میںاپنے دوستوں کو یہ مشورہ دوں گا کہ وہ اپنی قیادت کو سمجھائیں۔ لڑنے کا کام ہمیشہ اپوزیشن کا ہوتا ہے۔ اس کے پاس کرسی نہیں ہوتی اور لڑائی سے بچنا حکومت کی ضرورت ہوتی ہے۔ کیونکہ اپوزیشن والے ان کی کرسی چھیننا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت‘ دنیا کی پہلی لیڈرشپ ہے‘ جو اقتدار میں آ کر بھی مخالفین سے لڑنے کی عادت نہیں چھوڑتی ۔ لڑنے کا بھی کوئی ڈھب ہوتا ہے۔ یہ کیا اناڑی پن ہے کہ گولیاں چلانے والی پولیس موجود ہے اور کارکنوں سے سنگ زنی کرائی جاتی ہے؟ اپوزیشن کو مارنے کا فائدہ؟ ایک زمانہ تھا کہ ن لیگ اپوزیشن کو نہیں مارا کرتی تھی۔ ایسے کام منظوروٹو کیا کرتے تھے۔ اب کے پتہ نہیں ن لیگ کو کیا ہو گیا ہے کہ وہ آتے جاتے لوگوں سے بھی لڑنے کا موقع نہیں گنواتی۔ آرام سے گھر میں سوئے ہوئے مخالفین پر بھی‘ کھڑکیوں سے پتھر برسا دیتی ہے۔ کار کا چالان کروا دیتی ہے۔ کسی مقتول پولیس والے کی لاش مل جائے‘ تو مقدمہ طاہرالقادری کے خلاف درج کرا دیتی ہے۔ یہ ہمیشہ آئین کی پابندی کا سبق دیتی ہے۔ لیکن خود آئین کی پابندی اس طرح کرتی ہے کہ اپنی پولیس کے ہاتھوں‘ مخالفین کو گولیوں کا نشانہ بنوا کر‘ ان کی ایف آئی آر درج نہیں ہونے دیتی۔ آئین پسندی کا یہ نمونہ دیکھ کر کس کا دل نہیں چاہے گا کہ وہ بھی آئین کی ''پابندی‘‘ کرے؟ ن لیگ اپوزیشن میں ہوتی ہے‘ تو بات بات پر لانگ مارچ نکال دیتی ہے اور حکومت میں ہو‘ تو اسے لانگ مارچ ایک آنکھ نہیں بھاتا۔ یہ اسے آئین کی خلاف ورزی سمجھتی ہے۔ عدلیہ کے احترام پر زور دیتی ہے اور خود عدلیہ کا اتنا احترام کرتی ہے کہ ججوں کو کرسیاں چھوڑ کر بھاگنا پڑتا ہے۔ یہ وہ مسلم لیگ ہے‘ جو پیپلزپارٹی کی مخالفت کے لئے وجود میں آئی تھی اور آج پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر کیا کچھ کر رہی ہے؟ وجہ کسی کو معلوم نہیں۔ ن لیگ نے پیپلزپارٹی کی برائیاں اپنا لی ہیں یا پیپلزپارٹی نے ن لیگ کی اچھائیاں ہتھیالی ہیں؟ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں