"NNC" (space) message & send to 7575

یہ ہے نیا پاکستان

چوتھے شیر کی کہانی شاید میں لکھ نہیں پائوں گا۔میرے کالموں میں جس شیر کے مستقبل کا نقشہ دکھایا گیا ہے‘ مجھے اچھا نہیں لگا۔ سچ کہوں تو میرے لئے باعث رنج ہے۔ دل نہیں چاہتا کہ قبل از وقت برے دنوں کی پیش گوئی کروں۔ وہ دل کا اچھا آدمی ہے۔ کبھی کبھی اپنی تقریروں میں بھی سوزدل کا اظہار کر جاتا ہے۔ذاتی طور پر وہ اچھا دوست رہا۔ بعد میں عہد وفا نبھانے کا وقت آیا تورخ بدل گیا۔ ہو سکتا ہے‘ اسے اوپر سے اشارے ملے ہوں۔ حالانکہ وہ ''اوپر‘‘ بھی غلط فہمیوں کا شکار رہا۔میں نے جس فدوی کو اس گھرانے میں‘ متعارف کرایا تھا‘ اس نے شاید یہ سوچا کہ میری جڑیں کاٹنے کے بعد‘ وہ اپنی جڑیں پھیلا لے گا۔ یہی ہوا۔Man proposes, God disposes۔ اس نے اپنی طرف سے میرے ساتھ جو برائی کی‘ مجھے راس آ گئی۔ آج میں خوش ہونے والوں میں ہوں اور وہ پریشان اور فکرمند ہونے والوں میں ہے۔ دل نہیں چاہتا کہ اس کے لئے برا سوچوں۔ میں اس کے لئے بھی دعاگو ہوں۔ اس کی بیوی انتہائی نیک‘ صابر اور بہادر ہے۔ اس کے دونوں بچے خدا کے فضل و کرم سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ جو طالع آزما بڑے گھرانے میں‘ہر ایک کے کانوں پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہو گئے‘انہیں تو کامیابی راس آ گئی۔ لیکن کانوں والوں کو راس نہ آئی۔ آسمان سے گرتے ہوئے انسان کو‘ آخری لمحے تک پتہ نہیں ہوتا کہ اس کا انجام کیا ہو گا؟ اور اب تو آسمان‘ زمین کی طرف‘ دھکیلنے کا فیصلہ کر چکا ہے۔ زمین کے قریب آتے آتے‘ گرنے کی رفتار میں تیزی آ جاتی ہے۔ زمین کی کونسی آغوش میں جانا اس کی تقدیر ہے؟ یہ نہ میں جانتا ہوں‘ نہ گرنے والا۔ وہ کسی پہاڑ پر گرے گا؟ صحرا میں گرے گا؟ سمندر میں؟ دریا میں؟ یا دولت کے کسی ڈھیر پر؟ وہ جانے یا اس کی تقدیر؟ قارئین سے معذرت خواہ ہوں کہ میں نے ذاتی جذبات کی وجہ سے‘ چوتھے شیر کا ذکر نہیں کیا۔ مگر تھوڑے ہی دنوں کے بعد ‘یہ نام سامنے آ ہی جائے گا۔ مجھے مجبور ہو کر لکھنا ہی پڑے گا۔ جب تک لکھے بغیر گزارا ہو سکتا ہے‘ کوشش کروں گا ہو جائے۔ آخر میں سوشل میڈیا کے چند ٹوٹے قارئین کی نذر کرتا ہوں۔ ان کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ طبیعت بوجھل نہیں رہتی۔
بچے پالنے سوکھے ہوندے 
اوکھے پالنے ماپے
پچھلی عمرے ایس نقطے دی
سمجھ آجاندی آپے
__________________
چوری جب تک پکڑی نہ جائے۔تب تک سب شریف ہوتے ہیں۔
__________________
شادی سے پہلے جن زلفوں کے سائے تلے ‘بندہ ساری زندگی گزارنے کا سوچتا ہے ۔شادی کے بعد ان''زلفوں‘‘ کا اگر ایک بال بھی ‘پلیٹ سے نکلے تو سارا محلہ سر پر اٹھا لیتا ہے۔
__________________
کیا سقوط ڈھاکہ‘بھٹو کی پھانسی‘بلوچستان آپریشن‘سندھ میں ایم آرڈی کی تحریک اوراوجڑی کیمپ وغیرہ پر فلم بن سکتی ہے؟
__________________
شرم سے ڈوب مرو ‘پاکستانیو! تمہارا وزیراعظم چور ہے۔
__________________
اپنا سر اونچا رکھو کہ تم کسی سے نہیں ڈرتے لیکن اپنی نگاہیں نیچی رکھو تاکہ پتہ چلے کہ تم ایک باعزت گھرانے سے تعلق رکھتے ہو۔ حضرت علیؓ۔
__________________
جس کی سن لو وہی فرشتہ ہے
جانے انسان کہاں رہتے ہیں؟
_____________________
حضرت علیؓ سے کسی نے پوچھا کہ دنیا کا امیر آدمی کون ہے؟ آپؓ نے فرمایا'' وہ‘ جس کا دوست مخلص ہو۔‘‘
__________________
شہر کا حال دوست سے پوچھا 
سرجھکا کر جواب اس نے دیا
لوگ زندہ ہیں پر ضمیر نہیں
__________________
جو قوم گدھے کا گوشت کھا سکتی ہے۔ 
وہ گدھے منتخب بھی کر سکتی ہے۔
_________________
معافی مانگنے میں پہل کرنا‘ بہادری کی نشانی ہے۔
__________________
بندہ عقل سے کام لے لے
دوستوں سے نہ لے
__________________
مولانا فضل فضل الرحمن ایک میٹنگ سے اٹھ کر گئے‘ تو سیٹ پر ایک کاغذ رہ گیا۔ کھول کر پڑھا گیا‘ تو اس پرلکھا تھا۔
کرسی--ڈیزل--پٹرول-- حلوہ--مصافحے کی انگلیاں-ایک۔دو۔تین۔ چار۔۔پانچ کروڑ پر جا کر مصافحہ کرنے والا ہاتھ کھڑے کر دیتا ہے۔
__________________
''سیاستدانوں کو کیسے چننا چاہیے؟‘‘
''اسی طرح جیسے اکبر بادشاہ نے انارکلی کو چنا تھا۔‘‘
__________________
اپنی اپنی غلطیاں
مرحوم لیڈروں نے اپنے اپنے اعترافات کرتے ہوئے کہا:
ایوب خان:-میری غلطی تھی کہ میں نے بھٹو کو اپنا وزیربنایا۔
بھٹو:-میری غلطی تھی کہ میں نے ضیا کو چیف بنایا۔
ضیاء :-میری غلطی تھی کہ میں نے نوازشریف کو اپنا بیٹا بنایا۔
نوازشریف:- میری غلطی تھی کہ میں نے مشرف کو چیف بنایا اور دوسرابھی اچھا نہیں لگ رہا۔
مشرف:-میری غلطی تھی کہ میں نے بے نظیر کو واپس آنے کی اجازت دی۔
بے نظیر:-میری غلطی تھی کہ آصف زرداری سے شادی کر لی۔
__________________
وزیراعظم آج کل کیا کر رہے ہیں؟
افتتاح!
__________________
وزیراعظم نے بنوں کے جلسے میں مولانا فضل الرحمن کو اپنے ساتھ کھڑا کر کے‘ ان کا ہاتھ اوپر کیا اورچہرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا:
''یہ ہے نیا پاکستان۔‘‘
__________________
وزیراعظم نوازشریف نے بنوں میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسے پڑھ کر دہشت گردوں نے ہاتھ پر ہاتھ مارتے ہوئے کہا''اب مزے آئیں گے۔ پورا جہاز اغوا کیا کریں گے۔‘‘ 
__________________

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں