ایزی پیسہ صحت سہارا کے صارفین کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی

ایزی پیسہ صحت سہارا کے صارفین کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی

صحت سہارا عوام کو طبی سہولتوں تک آسان رسائی کیلئے نئے راستے کھولنے کا ذریعہ بن گیا 950روپے کی ادائیگی کے ساتھ ہیلتھ انشورنس کی سہولت حاصل کی جاسکتی ہے

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان کی پہلی اور تیزی سے فروغ پانے والی ماس مارکیٹ ہیلتھ انشورنس سروس ‘‘ ایزی پیسہ صحت سہارا’’ کے صارفین کی تعداد ایک سال کے دوران ہی ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہے ۔ ایزی پیسہ صحت سہاراعوام کو طبی سہولتوں تک آسان رسائی کیلئے نئے راستے کھولنے کا ذریعہ بن رہی ہے ۔ جنوری 2015میں ‘‘مائیکرو انشور’’ اور ایک ممتاز مقامی انشورنس کمپنی کے اشتراک سے متعارف کرائی جانے والی ‘‘ایزی پیسہ صحت سہارا ’’ سہولت اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں اور علاج کے دوران کام کاج کے قابل نہ رہنے والے افراد کو ایک مربوط طریقے سے مالی معاونت کی فراہمی کا ذریعہ بن رہی ہے ،کوئی بھی پاکستانی سال میں ایک مرتبہ 950روپے کی ادائیگی کے ساتھ ایزی پیسہ ہیلتھ انشورنس کی سہولت حاصل کرسکتا ہے،اسپتال میں داخل ہونے کی صورت میں اس سہولت کے ذریعے علاج معالجے پر اخراجات کی مد میں یومیہ ایک ہزار روپے کی معاونت حاصل کی جاسکتی ہے جبکہ انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج رہنے کی صورت میں یومیہ 2ہزار روپے وصول کیے جاسکتے ہیں، اس کے علاوہ زخموں کی وجہ سے عارضی معذوری کی صورت میں زیادہ سے زیادہ مالی فوائد حاصل کرنے کے ساتھ ہفتہ وار 5ہزار روپے کی مالی معاونت حاصل کی جاسکتی ہے ۔ اسپتال میں ایک مرتبہ مسلسل زیر علاج رہنے کی حد 30روز ہے تاہم سال کے دوران ایک سے زائد مرتبہ اسپتال میں زیر علاج رہنے پرکوئی پابندی نہیں ہے ۔ روایتی ہیلتھ انشورنس کے برعکس ’’ایزی پیسہ صحت سہارا‘‘ کی سہولت مخصوص یا پینل پر موجوداسپتالوں تک محدو دنہیں ہے ۔ ایزی پیسہ صحت سہارا کی سہولت حاصل کرنے والے افراد کسی بھی طبی مرکز بشمول سرکاری اور نجی اسپتالوں سے رجوع کرسکتے ہیں۔ ایزی پیسہ صحت سہاراسے استفادہ کیلئے دستاویزات جمع کرانے جیسے کسی طویل عمل کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں ، تمام کارروائی صرف قومی شناختی کارڈ کے ذریعے عمل میں لائی جاتی ہے اور یہی آسانی اس سہولت کو بیک وقت کئی افراد کیلئے قابل رسائی بناتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں