بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ماہانہ بنیاد پر 9.54 فیصد اضافہ
ٹیکسٹائل1.66،فوڈ، مشروبات اور تمباکو شعبے کی پیداوار 21.73 فیصد بڑھی
اسلام آباد (نمائندہ دنیا) کورونا وائرس اور شرح سود میں کمی کے بعد ملک میں معاشی سرگرمیاں بحال ہونے لگیں، جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ماہانہ بنیاد پر 9.54 اور سالانہ بنیاد پر 5 فیصد اضافہ ہوگیا ۔ ادارہ شماریات نے رواں مالی سال کے پہلے مہینے جولائی کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوارکا ڈیٹا جاری کردیا جس کے مطابق جولائی 2020 میں ماہانہ بنیاد پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 9.54 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 5 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی میں سالانہ بنیاد پر ٹیکسٹائل شعبے کی پیداوار 1.66 فیصد، فوڈ، مشروبات اور تمباکو شعبے کی پیداوار 21.73 فیصد، کوک، پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار 18.34 فیصد اور فارماسیوٹیکل سیکٹر کی پیداوار میں 19.20 فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی میں سالانہ بنیاد پر آٹوموبیل سیکٹر کی پیداوار 23.31 فیصد، آئرن اورا سٹیل مصنوعات کی پیداوار 11.13 فیصد، فرٹیلائزر سیکٹر کی پیداوار 5.08 فیصد اور الیکٹرانکس کی پیداوار33.31 فیصد گرگئی۔ اسی طرح جولائی میں سالانہ بنیاد پر چمڑے کی مصنوعات کی پیداوار 35.95 فیصد، انجینئرنگ مصنوعات کی پیداوار 32.60 فیصد اور لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار میں 18.63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔