بجلی، گیس مہنگی ہونے سے 100لارج اسکیل فیکٹریاں بند

اسلام آباد (این این آئی)آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)کے ذرائع نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث لارج اسکیل فیکٹریاں بند اور ہزاروں افراد بیروزگار ہوگئے ۔
اپٹما ذرائع کے مطابق دو سال کے دوران بجلی اور گیس کی قیمتوں میں 170فیصد تک اضافہ ہوا جس کے باعث 100 کے قریب لارج اسکیل فیکٹریاں بند ہوگئیں اور ہزاروں لوگ بیروزگار ہوئے ۔ اپٹما ذرائع نے بتایاکہ بند ہونے والی فیکٹریوں میں50 ٹیکسٹائل مل بھی شامل ہیں۔ملز مالکان کے مطابق 2022 میں بجلی 16 روپے فی یونٹ تھی جو آج 42 روپے فی یونٹ ہے ، 2022 میں انڈسٹری کو گیس 14 روپے یونٹ مل رہی تھی اور آج40 روپے یونٹ ہے ۔اپٹماذرائع کے مطابق دو سال میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ 19ارب ڈالر سے کم ہوکر 16 ارب ڈالر رہ گئیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں 10 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا۔