حکومت اب آئی پی پیز مسئلے کو سنجیدگی سے لے رہی ،ملک خدا بخش

 حکومت اب آئی پی پیز مسئلے کو سنجیدگی سے لے رہی ،ملک خدا بخش

کراچی(آن لائن)وفاق ایوانہائے تجارت وصنعت(ایف پی سی سی آئی)کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انرجی کے کنوینر اور۔

 پیٹرولیم سیکٹر کے ممتاز لیڈرملک خدا بخش نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں شہبازشریف کی جانب سے برآمدات بڑھانے کیلئے بجلی کی قیمتیں کم کرنے کا اعتراف اس بات کی نشاندہی ہے کہ آئی پی پیز کے معاہدوں کو دوبارہ ری شیڈول کرنے کی اشد ضرورت ہے ،وزیراعظم نے واضح طور سے کہا ہے کہ بجلی کے نرخ کم کیے بغیر نہ تو زرعی شعبہ اور نہ ہی صنعت مؤثر طریقے سے پھیل سکتی ہے کیونکہ صنعت میں مسابقت براہ راست کم بجلی کی قیمتوں سے منسلک ہے ۔ ملک خدا بخش نے کہا کہ وزیراعظم نے بزنس کمیونٹی اور تاجر رہنماؤں کے مطالبوں پر آئی پی پیز کے ساتھ کیپیسٹی پیمنٹ معاہدوں سے پیدا شدہ گھمبیر صورتحال پر توجہ دی۔ملک خدا بخش نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ کی قیادت کی کوششوں کی بدولت حکومت اب آئی پی پیز کے مسئلے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے ،اس سے ہماری معیشت میں بہتری آئے گی، صنعتوں کو مدد ملے گی اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ بجلی کے بلوں میں کمی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ کیپیسٹی پیمنٹ معاہدوں کا فوری جائزہ نہ لیا گیا تو پاکستان کو شدید کاروباری رکاوٹوں اور صنعتوں کی بندش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ،جس کے آثاراب واضح طور سے نمایاں ہونے لگے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں