ڈالر کی قدر میں اضافہ ،سونا مزید 1600روپے مہنگا
کراچی(بزنس ڈیسک،این این آئی)سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتیں ہفتے کو پھر بڑھ گئیں۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 16ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔
،جس کے بعد نئی عالمی قیمت 2656ڈالر کی سطح پر آ گئی۔ دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں بھی ہفتے کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 1600 روپے کے اضافے سے 275500 روپے کی سطح پر آگئی اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1372روپے کے اضافے سے 236197روپے کی سطح پر آگئی۔ملک میں سونے کی قیمت میں اضافے کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 3050روپے مستحکم رہی اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2614.88 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ کے برعکس کاروباری ہفتے کے دوران انٹربینک میں ڈالر معمولی مہنگا ہوگیا۔کرنسی ڈیلرز کے مطابق آئی ایم ایف سے قسط وصولی اور ترسیلات زر میں اضافے سے اوپن مارکیٹ میں روپیہ تگڑا ہوگیا۔ اسٹیٹ بینک کی مارکیٹ سے خریداری کے باعث بھی ڈالر کی قدر زیادہ نہ گرسکی۔کارباری ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں25 پیسے کی کمی ہوئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 280روپے 59 پیسے پر بندہوا۔اپن مارکیٹ کے برعکس کاروباری ہفتے کے اختتام پر کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھا جاری رہا اور انٹربینک میں ڈالرکی قدر میں12 پیسے اضافہ ہوا۔ بروز جمعہ انٹربینک میں ڈالر277روپے 64 پیسے پر بند ہوا۔