طورخم بارڈر سے متعلقہ مسائل حل کرنے کی اپیل

طورخم بارڈر سے متعلقہ مسائل حل کرنے کی اپیل

لاہور (آن لائن)کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرزایسوسی ایشن نے حکومت سے طورخم بارڈر سے متعلقہ مسائل حل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے ۔

کہ افغانستان سے جزوی تیار خام مال نہ آنے سے ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات بری طرح متاثر ہو رہی ہیں ،بد قسمتی سے سرکاری ادارے مشکلات کے حل کے بجائے اس کا سبب ہیں لیکن کوئی پوچھنا والا نہیں ، صدر ، وزیر اعظم سمیت دیگر اعلی حکومتی شخصیات کے بیرون ممالک دوروں کے دوران تجارتی وفود کو ہمراہ لے جایا جائے جس سے عالمی منڈیوں تک رسائی کے وسیع مواقع میسر آ سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور وائس چیئرمین ریاض احمد نے ہفتہ وار جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں حال میں لاہور میں منعقد ہونے والی 40ویں عالمی نمائش میں ہونے والے برآمدی سودوں کے غیر حتمی اعدادوشمار پر بھی گفتگو کی گئی ۔ میاں عتیق الرحمن اور ریاض احمد نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کئے بغیر مضبوط معیشت کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ، جو شعبے کئی دہائیوں سے برآمدات کے ذریعے ملک کیلئے زر مبادلہ حاصل کر ر ہے ہیں انہیں کیوں نظر انداز کیا جارہا ہے ،حکومت موجودہ حالات میں جس قدر ممکن ہو سکے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کو فروغ دے تاکہ کسی بھی پالیسی کے سو فیصد نتائج حاصل ہو سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں