تاجروں کے مسائل کاحل منظم لائحہ عمل میں ہے ،احسن بختاوری

 تاجروں کے مسائل کاحل منظم لائحہ عمل میں ہے ،احسن بختاوری

اسلام آباد(اے پی پی)وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی)میں برسر اقتدار یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کی سنٹرل کور کمیٹی کے رکن احسن ظفر بختاوری نے۔

 کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال میں کاروباری طبقے کو درپیش چیلنجز کا حل باہمی تعاون اور ایک منظم لائحہ عمل میں پوشیدہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں آزاد کشمیر کے سابق سینئر وزیر اور اسلام آباد کے ممتاز تاجر راجہ محمد یٰسین کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ظفر بختاوری،نو منتخب صدر آئی سی سی آئی ناصر قریشی،چوہدری ناصر،اسد عزیز،راجہ جاوید اقبال و دیگر بھی موجود تھے ۔احسن ظفر بختاوری نے عشائیے میں شریک کاروباری برادری کے نمایاں افراد اور معزز مہمانوں سے خطاب کے دوران یوبی جی کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گروپ کا ہمیشہ سے مقصد کاروباری برادری کی ترقی اور ان کی آواز کو موثر انداز میں حکومتی سطح پر پیش کرنا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل،خصوصا ً توانائی بحران،بلند شرح سود اور تجارتی ماحول میں عدم استحکام جیسے چیلنجز کے حل کے لیے یو بی جی سنجیدہ اور موثر اقدامات کر رہی ہے ۔احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر تاجروں کے اتحاد،حوصلے اور ملکی معیشت کی بہتری میں ان کے کردار کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کا مقصد تاجر برادری کی حمایت اور ان کی فلاح و بہبود ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں