سستے قرضوں کیلئے شرح سود سنگل ڈیجٹ میں لانے کامطالبہ
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(پی وی ایم اے )کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے حکومت اور۔
اسٹیٹ بینک سے 4 نومبر کے منعقدہ مانیٹری پالیسی کمیٹی اجلاس میں شرح سود 500 بیسز پوائنٹس، 5 فیصد کی کمی کا مطالبہ کردیا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں پالیسی ریٹ سنگل ڈیجٹ پر لایا جائے ۔شیخ عمر ریحان نے مزید کہا کہ مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی جس کے بعد اکتوبر میں افراط زر 6.3 فیصد پر پہنچ گئی ہے ،جبکہ حقیقی شرح سود 10.2 فیصد پر موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک پیر کو منعقدہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں مہنگائی اور حقیقی شرح سود کو مد نظر رکھتے ہوئے شرح سود 17.5 فیصد سے 5 فیصد کمی کرکے 12.5 فیصد مقرر کرے ۔ چیئرمین پی وی ایم اے نے کہا کہ شرح سود کو جلد سنگل ڈیجٹ پر لایا جائے ، تاکہ قرضوں کی لاگت کم ہو، انڈسٹری اور کاروبار کیلئے سرمایہ کاری اور بینکوں سے سستے قرضوں کا حصول ممکن بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام کاروبار پر مالی دباؤ کم کرنے ، پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ شیخ عمر ریحان نے حکومت پر زور دیا کہ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسر (آئی پی پیز)کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں۔ صنعتوں کیلئے مستحکم اور سستی توانائی کی فراہمی اشد ضروری ہے اور آئی پی پیز کے مسئلہ کو حل کرکے توانائی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہوسکتی ہے۔