ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن میں کنسٹرکشن سیکٹر ایکسپو کا افتتاح

 ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن میں کنسٹرکشن سیکٹر ایکسپو کا افتتاح

لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن میں کنسٹرکشن سیکٹر ایکسپو کا افتتاح کیا اور۔

 افتتاح کے بعد نمائش میں لگائے گئے اسٹالوں کا معائنہ کیا۔ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام یہ صنعتی نمائش 3روز تک جاری رہے گی۔ نمائش میں مختلف کمپنیوں نے ٹائلز، فرنیچر، آرکیٹیکچر کے ڈیزائن کے حوالے سے 78سٹالز لگائے ہیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صنعتی نمائشیں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوتی ہیں ،کنسٹرکشن انڈسٹری میں نمائش کا انعقاد ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی اچھی کاوش ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کنسٹرکشن سیکٹر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا ہے اور اس سیکٹر دیگر شعبوں پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے قوانین کو سہل بنایا گیا ہے ،بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز سے کاروباری سرگرمیوں کے این او سی تیزی سے جاری ہورہے ہیں۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ٹائلز اور فرنیچر کی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ معیاری فنی تعلیم کا فروغ حکومت کی پہلی ترجیح ہے ، ٹیوٹا کے اداروں،لیبز اور کورسز کو آپ گریڈ کیا جا رہا ہے ،ٹیوٹا کے کوتھم اور دیگر اداروں کے ساتھ اشتراک کے معاہدے کئے جارہے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان رافعہ سید اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں