ٹرمپ کی کامیابی، سونا 5400 روپے سستا، ڈالرمزید مہنگا
کراچی(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد عالمی سطح سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی
کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخوں میں ہزاروں روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی،ادھر زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی پیش قدمی برقرار ہے ۔تفصیلات کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 65 ڈالر کی نمایاں کمی سے 2662 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 5400 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 76 ہزار 800 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونا 4630 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 37 ہزار 311 روپے پر آگیا۔ واضح رہے کہ عالمی سطح پر سونے کی قیمتیں پچھلے ہفتے کی ریکارڈ بلند سطح 2790 ڈالر سے کم ہو کر 2,662 ڈالر فی اونس پر آگئی۔ یاد رہے کہ 31 اکتوبر کو پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 87 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی تھی۔سدرن زون جیم اسٹون اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عدنان قادری نے بتایا کہ اگر کملا ہیرس امریکی انتخابات جیت جاتی ہیں تو مارکیٹ سونے کی قیمتوں میں اضافے کی توقع کررہی تھی جبکہ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس میں آنے کی صورت میں صورتحال الٹ گئی ہے۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 6 پیسے کے اضافے سے 277.95 روپے پر جاپہنچا۔ رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 9 پیسے کے اضافے سے 278.88 کا ہوگیا۔