ڈالر کی قدر بڑھ گئی،تولہ سونا 1300روپے سستا
کراچی(بزنس ڈیسک،خبر ایجنسی)پاکستان کو رواں سال درپیش 2ارب 50کروڑ ڈالر کے فنانشل گیپ پر آئی ایم ایف ریویو ٹیم کے مذاکرات۔۔
بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ اور معاشی سرگرمیوں میں بتدریج اضافے کے باعث پیر کو ایک بار پھر ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی۔پاکستان کے ایوی ایشن فیول پراجیکٹ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی 82.5ملین ڈالر کی فنانسنگ، چین، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی سرمایہ کاری میں دلچسپی اور چین سے مزید 3ارب 40کروڑ ڈالر کے قرضے ری شیڈول ہونے کی امید پر انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 08پیسے کی کمی سے 277روپے 65پیسے کی سطح پر آگئی تھی۔سپلائی بڑھتے ہی مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ بڑھنے کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 13پیسے کے اضافے سے 277روپے 86پیسے کی سطح پر بند ہوئے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 0.03پیسے کے اضافے سے 278روپے 77پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ ادھر صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1300روپے کی کمی واقع ہوئی ،جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 2لاکھ 77ہزار500روپے ہوگئی جب کہ 10 گرام سونا1155 روپے کی کمی سے 2لاکھ37ہزار911 روپے کاہوگیا،اسی طرح عالمی مارکیٹ میں سونا فی اونس 13ڈالرکمی سے 2670روپے پرآگیا۔