ایف پی سی سی آئی کااوگرا کے لئے نئے قانون کا مطالبہ
کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کو اپنی آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)کیلئے ایک نئے قانون کی ضرورت ہے۔۔
جو ملک میں ایل پی جی سپلائی چین کے سلسلے میں زمینی حقائق کی عکاسی کرے اور ریگولیٹری ماحول کو آسان بنائے ۔عاطف اکرام شیخ نے وضاحت کی کہ اوگرا کے قانون میں ریٹیلرز شامل نہیں ہیں اور یہ ڈسٹری بیوٹرز تک لاگو ہوتا ہے ، یہی وجہ ہے کہ ریٹیل سطح پر بہت سارے حادثات ہو رہے ہیں۔ ڈسٹری بیوٹرز کو اپنی سپلائی کا ڈیٹا فراہم کرنے کا قانونی طور پر پابند ہونا چاہیے ،ہمیں اس صنعت کے تمام کاروبار کو قانون کے تحت لانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب کو مطلوبہ لائسنس حاصل کرنا چاہیے ۔واضح رہے کہ اوگرا چیئرمین مسرور خان اور کمشنر کراچی سید حسن علی نقوی نے پیر کوایف پی سی سی آئی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور سپلائی چین کے نفاذ، قیمتوں کے تعین؛ اسٹوریج، کوالٹی کنٹرول اور صحت، حفاظت اور ماحولیات کے ضوابط اور ایل پی جی سیکٹر کے لیے مقرر کردہ معیارات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔