امریکا کوبرآمدات میں 9.40فیصد اضافہ ریکارڈ
اسلام آباد(این این آئی)پاکستان اورامریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ مالی سال کے پہلے 4ماہ میں امریکا کو برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر9.40فیصد اور امریکا سے درآمدات میں 25.44فیصدکی نموریکارڈکی گئی ۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے چارماہ میں امریکا کوبرآمدات سے ملک کو2.037ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہواجو 9.40فیصد زیادہ ہے ۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں امریکا کوبرآمدات سے ملک کو1.862ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا ۔ اکتوبرمیں امریکا کوبرآمدات کاحجم 575.88ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جوستمبرمیں 511.52ملین ڈالر اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 485.78ملین ڈالرتھا۔ 4ماہ میں امریکا سے درآمدات پر739.16ملین ڈالرزرمبادلہ خرچ ہوا جو 25.44 فیصدزیادہ ہے ۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں امریکا سے درآمدات پر 589.23 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہواتھا۔