غزہ :سونے سے بھی قیمتی گدھا گاڑی ، نقل و حرکت کا واحد ذریعہ
غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں سونے سے بھی قیمتی گدھا گاڑی اب نقل و حرکت کا واحد ذریعہ ہے ،کئی بڑے کا روباری لوگوں کے پاس اب گدھا گاڑی ہی روٹی کمانے کا ذریعہ ہے ۔
غزہ کی رہائشی آمنہ ابو مغاصب نے میڈیا کو بتایا کہ جنگ سے پہلے وہ دودھ اور دہی بیچنے کا کاروبار کرتی تھیں ، ایک فیکٹری والے ان سے دودھ خرید لیتے تھے ۔اب میرے پاس کمائی کا کوئی ذریعہ نہیں ہے سوائے اس گدھا گاڑی کے ۔جنگ سے پہلے بھی غزہ میں گدھا گاڑیوں کا استعمال عام تھا لیکن لڑائی کے بعد تباہی اور ایندھن کی کمی کے باعث گاڑیوں کے بجائے گدھے ہی سواری کا ذریعہ ہیں۔غزہ کے بے گھر شہری لڑائی یا حملوں سے بچنے کے لیے انہی گدھا گاڑیوں پر سامان لادے خود کو کسی محفوظ مقام پر پہنچاتے ہیں۔غزہ کی مرواکا کہنا ہے کہ جنگ کے شروع کے دنوں میں مجھے گدھا گاڑی پر بیٹھنے میں شرم محسوس ہوتی تھی لیکن اب کوئی اور راستہ ہے ہی نہیں۔آمنہ ابو مغاصب کا کہنا ہے کہ گدھا گاڑی رکھنے کا واحد خرچہ جانور کی خوراک کا ہے لیکن جنگ کے بعد سے انسانوں اور جانوروں دونوں کی خوراک کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔غزہ کے ایک اور شہری یوسف محمد کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں ان کے اور اہلخانہ کے لیے ان کا گدھا ہی ہے جس کی وجہ سے کچھ آسانی ہے جب ہمیں نقل مکانی کرنا پڑی تو شکر ہے اس وقت میرے پاس یہ گدھا موجود تھا۔ایک اور شہری حسنی ابو وردہ نے بتایا کہ نقل مکانی کے لیے ان کے پاس گدھا گاڑی کے علاوہ ٹرانسپورٹیشن کا اور کوئی ذریعہ نہیں ۔