سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم ، انڈیکس ایک لاکھ کے قریب جا پہنچا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج ختم ہونے ، سیاسی غیر یقینی میں کمی کے بعد سٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز حاوی ہونے والی شدید مندی بدھ کو ختم ہوگئی۔۔۔
جبکہ بینچ مارک کے ایس ای۔ 100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس کے تاریخی اضافے سے 99 ہزار 269 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔پاکستان سٹاک ایکسچینج نے ایک روزہ تیزی کے تمام ریکارڈ توڑے اور نئی تاریخ رقم کی۔ مارکیٹ میں ایک ساتھ 98,97,96,95اور 99ہزار پوائنٹس کی 5حدیں بحال ہوگئیں۔پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق 100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس یا 4.73 فیصد اضافے سے ایک لاکھ پوائنٹس کے سنگ میل کے قریب ترین 99 ہزار 269 پر بند ہوا۔پی ٹی آئی کا احتجاج ختم ہونے کے بعد کاروبار کے آغاز میں ہی مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی، سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز بازار میں بڑے پیمانے پر خریداری دیکھنے میں آئی۔بینکنگ، آٹوموبائل اسمبلرز، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیز، او ایم سیز اور بجلی کی پیداوار سمیت دیگر شعبے سرفہرست رہے ۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز حبیب بینک لمیٹڈ،نیشنل بینک آف پاکستان ،مسلم کمرشل بینک ،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کارپوریشن ،سوئی سدرن گیس کمپنی اور حب پاور کمپنی کے حصص میں مثبت رجحان جاری رہا۔ٹاپ لائن سکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹو محمد سہیل نے سٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے خاتمے کا نتیجہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج سے متعلق خدشات ختم ہونے کے بعد سٹاک ایکسچینج میں سٹاک بحال ہوا،یہ ایک روز میں ہونے والی تاریخی گراوٹ کے اگلے روز ایک دن میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے ۔چیس سکیورٹ سکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں مظاہرین کو کامیابی سے منتشر کیے جانے کے بعد مارکیٹ میں تیزی سے بہتری آئی،شرح سود میں کمی اور شرح نمو میں اضافے نے دوبارہ توجہ حاصل کی۔اے کے ڈی سکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف کا کہنا تھا کہ سیاسی افراتفری میں کمی اور میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ہے ،فکسڈ انکم کی پیداوار میں کمی اور اجناس کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ایکویٹیز میں تیزی کا رجحان برقرار رہنے کی توقع ہے ، انڈیکس اپنی تاریخی اوسط اور علاقائی ہم منصبوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم قدر رہا۔یادرہے کہ منگل کو کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم دوپہر کے بعد مارکیٹ لڑکھڑا گئی تھی اور کاروبار کے اختتام پر100 انڈیکس میں 3 ہزار 505 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی اور مارکیٹ 94 ہزار 574 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔