کھربوں کے ٹیکس مقدمات زیر التوا رہناتشویشناک،میاں زاہد
کراچی(آن لائن)چیئرمین نیشنل بزنس گروپ میاں زاہد نے کہا ہے کہ 2300 ارب روپے سے زیادہ کے ٹیکس مقدمات زیرالتوا رہنا تشویشناک ہے ۔۔
جن کا فیصلہ ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے حکومت اور ٹیکس گزاروں کا نقصان ہورہا ہے اور ٹیکس گزاروں پر تلوار لٹک رہی ہے جس سے ٹیکس گزاروں کا اعتماد مجروح ہو رہا ہے اور نئے ٹیکس گزار ٹیکس نیٹ میں آنے سے گھبراتے ہیں۔اسی طرح مسابقتی کمیشن میں بھی 567 معاملات زیرالتوا ہیں جن میں 74 ارب کے جرمانے کیے گئے جنہیں نمٹانے میں مزید تاخیرنہ کی جائے ۔مسابقتی کمیشن کی پیشہ ورانہ استعداد کوبڑھانا ضروری ہے ،تاکہ ایک طرف عوام کی حق تلفی کو روکا جا سکے تو دوسری طرف کاروباری اداروں کا خوف دور کیا جا سکے ۔ کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام ایسے ٹیکس عائد کرنے سے گزیزکریں جسے ٹیکس گزاراپنی حق تلفی سمجھتے ہوئے عدالتوں میں چیلنج کرتے ہیں ۔